Maktaba Wahhabi

59 - 127
مقصود اصل میں یہی ہے کہ اوّلاً: اسلامی شریعت کے بارے میں پائے جانے والے شکوک وشبہات کورفع کرے۔ثانیاً:اجتہادی معاملات کو متعین کرے اور ان میں اپنی اجتہادی آرا سے قوم وملت کو آگاہ کرے۔ ثالثا:ً پارلیمنٹ کی رہنمائی کے لیے انفرادی اور اجتماعی معاملات کے بارے میں قوانین کو مرتب کرے۔۔۔اب سوال یہ ہے کہ کیا اسلامی نظریاتی کونسل ان ضرورتوں کو پورا کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ تو میرے نزدیک اس کا جواب نفی میں ہے؟اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارا نظامِ تعلیم ایسے جید علما تیار کرنے سے قاصر ہے جو دورِ جدید کی اس ضرورت کو پورا کرنے کے اہل ہوں ۔یہ نظامِ تعلیم تقلید ِجامد کے اُصول پر قائم ہے، اس کا اصرار ہے کہ دین کی تعبیر و تشریح کے حوالے سے قدیم علما کاکام ہر لحاظ سے مکمل ہے، ان کے کام کی تفہیم اور شرح و وضاحت تو ہو سکتی ہے مگر اس پر نظر ثانی کی کوئی گنجائش نہیں ۔دورِ اوّل کے فقہا نے جو اُصول و قوانین مرتب کیے ہیں ، وہ تغیراتِ زمانہ کے باوجود قابل عمل ہیں ، اس ضمن میں تحقیق واجتہاد کی نہ ضرورت ہے کہ نہ اس بات کااَب کوئی امکان کہ کوئی شخص مجتہدکے منصب پر فائز ہو سکے۔ ہمارے علما اسی نظامِ تعلیم کی پیداوار ہیں ، چناچہ وہ اپنی انفرادی حیثیت میں ہوں یا کسی ادارے کی صورت میں مجتمع ہو کراپنے فرائض انجام دے رہے ہوں ، وہ اس کی اہلیت ہی سے محروم ہیں کہ اسلامی شریعت کی شرح و وضاحت کر سکیں یا جن معاملات میں شریعت خاموش ہے، ان کے بارے میں اپنی آرا پیش کر سکیں ۔ یہی علما اسلامی نظریاتی کونسل کا حصہ ہیں ، لہٰذا اس ادارے سے اس کی توقع رکھنا عبث ہے کہ اسلامی شریعت کے بارے میں ان سوالات کا جواب دے سکیں ، جو ذہین مسلمان عناصر کی جانب سے اُٹھائے جا رہے ہیں اور ان شکوک وشبہات کو رفع کر سکیں ، جن کا اسلام کو عالمی سطح پر سامنا ہے۔‘‘(ص ۱۴۲، ۱۴۳) جناب جاوید احمد غامدی کا اسلامی نظریاتی کونسل کے مجتہدین کے بارے میں یہ تبصرہ دسمبر ۲۰۰۵ ء کے روزنامہ ’جنگ‘ میں شائع ہوا ہے۔اور صرف ایک ماہ بعد جنوری ۲۰۰۶ء میں غامدی صاحب کو کونسل کا رکن منتخب کر لیا گیا۔غامدی صاحب کے علماء کے ساتھ تعصب کو داد دیں کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے اراکین میں اجتہاد کی صلاحیت نہ ہونے کا سبب ان کے علماء ہونے کو ٹھہرا رہے ہیں حالانکہ جب غامدی صاحب نے یہ بیان دیا تورسالہ ’اجتہاد‘ کے مطابق اس وقت اسلامی نظریاتی کونسل کے اکثر اراکین وہ تھے جن کا علما سے کوئی دور پار کا بھی رشتہ نہ تھا۔ مثال کے طور پر
Flag Counter