تبصرہ و تعارف محمد رفیق چودھری جاوید غامدی کی کتاب’میزان‘ پر تبصرہ نام کتاب : میزان صفحات :۶۵۸ قیمت : ۲۴۰ روپے ناشر:المورد، ۱۵/کے، ماڈل ٹاؤن، لاہور پاکستان زیرنظر کتاب دین اسلام سے متعلق ہے۔ خود مصنف اس کے ’دیباچہ‘ میں جو ۱۰/اپریل ۱۹۹۰ء کا لکھا ہوا ہے، تحریرفرماتے ہیں کہ ’’اللہ کے نزدیک دین صرف اسلام ہے۔ کم و بیش ربع صدی کے مطالعہ و تحقیق سے میں نے اس دین کو جو کچھ سمجھا ہے، وہ اپنی اس کتاب میں بیان کردیاہے۔‘‘ (ص:۱۱) پھرآخر میں کتاب کے ’خاتمہ‘ کے عنوان سے جو ۲۷/اپریل ۲۰۰۷ء کا تحریر شدہ ہے، مصنف موصوف لکھتے ہیں : ’’اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس کتاب کی تصنیف کا جوکام میں نے۱۹۹۰ء بمطابق ۱۴۱۰ھ میں کسی وقت شروع کیاتھا، وہ آج سترہ سال بعد پایۂ تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔ یہ اُس پورے دین کا بیان ہے جو خدا کے آخری پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی وساطت سے انسانیت کو دیاگیا۔‘‘ (ص:۶۵۳) اِس طرح بقول مصنف یہ کتاب سترہ برس (۱۹۹۰ء تا ۲۰۰۷ء) میں لکھی گئی ہے۔ یہ اوسطاً ۴۰ صفحات سالانہ کی شرح بنتی ہے۔ اِس سے قبل اُنہوں نے ربع صدی یعنی ۲۵ سال کا عرصہ دین اسلام کے مطالعہ و تحقیق میں گزارا۔ مصنف موصوف ۱۹۵۳ء کے لگ بھگ پیدا ہوئے ہیں ۔ اِس حساب سے دیکھا جائے تو اگر کتاب کی ابتدا کے سال (۱۹۹۰ء) سے پہلے دین اسلام کا مطالعہ و تحقیق کی مدت ربع صدی یعنی ۲۵ سال نکالے جائیں تو یہ ۱۹۶۵ء کا سال بنتا ہے اور جب سنِ پیدائش ۱۹۵۳ء ہے تو پھر مصنف کی عمر صرف بارہ سال باقی بچتی ہے۔ گویا مصنف موصوف نے دین اسلام کے مطالعہ و تحقیق کا کام ۱۲سال ہی کی عمر میں شروع کردیاتھا۔ اب یہ اہل نظر کے سوچنے کاکام ہے کہ ۱۲سال کا ایک مکتبی بچہ (School |