ایسے ہی صوفیاء کے ہاں وارد ہونے والی بعض روایات پر بھی رد کیا ہے۔ آپ فرماتے ہیں :’’ ایسے ہی وہ روایت جس میں کہا گیا ہے کہ:’’ اللہ تعالیٰ نے اپنے چہرہ کے نور سے ایک مٹھی بھری۔جب اس کی طرف دیکھاتوہ عرق ریز ہوکر پگھل گیا۔پھر اس کے ہر قطرہ سے اللہ تعالیٰ نے ایک نبی کوپیدا کیا۔ اور وہ مٹھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہی تھے جو کہ ایک کوکب دری کی شکل میں باقی رہے۔‘‘علوم حدیث کی معرفت رکھنے والے تمام علماء کرام کا اس روایت کے من گھڑت ہونے پر اتفاق ہے۔ یہی حال اس کے مشابہ ان روایات کا بھی ہے جنہیں محدث شیرویہ دیلمی نے اپنی کتاب’’الفردوس‘‘ میں نقل کیا ہے[1]۔اور یہی حال کی ان روایات کا ہے جنہیں اس نے ’’الحقائق‘‘ میں نقل کیا ہے؛جیسا کہ کتاب المحبوب؛ اور اس جیسی دوسری کتابیں ۔جو یہ بیان کرتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک کوکب تھے۔اور تمام مخلوقات کو آپ سے ہی پیدا کیا گیا ہے ۔ اور یہ کہ آپ اپنے والدین کی پیدائش سے پہلے بھی موجود تھے۔اوریہ کہ آپ پاس جبریل کے آنے سے پہلے بھی آپ کو قرآن یاد تھا۔ اس طرح کی دیگرباتیں بھی ان کتابوں میں پائی جاتی ہیں جو کہ تمام کی تمام من گھڑت جھوٹ اور دروغ گوئی کا شاخسانہ ہیں ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کا علم رکھنے والوں پر یہ چیزیں پہناں نہیں ۔ |