Maktaba Wahhabi

13 - 166
کی طرف خصوصی توجہ دی تا کہ غلام قوم کی نفسیات و زبان جانتے ہوئے اس سے بہتر انداز میں خدمت لی جا سکے۔ جرمن مستشرق کارل ہائنرش بیکا Carl Heinrich Becker (۱۸۷۶۔ ۱۹۳۳ء) افریقہ میں جرمن استعمار کی خاطر ۱۸۸۵ء۔۱۸۸۶ء میں خدمات سرانجام دیتا رہا۔ مستشرق کرسٹیان Christiaan Snouck Hurgronje (۱۸۵۷۔۱۹۳۶ء) ۱۸۸۵ء میں ہالینڈ کی حکومت کی طرف سے مکہ میں عبد الغفار کے نام سے اپنی خدمات پیش کرتا رہا اور بعد ازاں انڈونیشیا میں بھی رہا۔41 سیاسی استعمار کے علاوہ مغرب کے مشرق پر فکری استعمار اور غلبے میں بھی تحریک استشراق کا ایک اہم کردار رہا ہے اور اب تک ہے۔ڈاکٹر عبد المتعال نے اس موضوع پر ’’الاستشراق وجہ للاستعمار الفکری‘‘ کے نام سے ایک کتاب مرتب کی ہے۔ علمی محرکات(Academic Motives) مستشرقین کی ایک جماعت ایسی بھی ہے جواپنی علمی پیاس بجھانے کے لیے مشرقی علوم کی طرف متوجہ ہوئی۔ یہ اگرچہ اپنے کام میں تو مخلص ہیں لیکن اپنی تحقیقات کے نتائج میں انہوں نے بھی بعض مقامات پر ٹھوکریں کھائی ہیں۔ ایسا یا تو عربی زبان میں رسوخ نہ ہونے کے سبب سے ہوا یا پھر مغربی معاشروں میں اسلام کے بارے میں رائج عام تصورات سے متاثر ہونے کے سبب سے۔ ان میں فرانسیسی مستشرق موریس بکائے Maurice Bucaille (۱۹۲۰۔۱۹۹۸ء)اور عبد الکریم جرمانس Germanus Gyula (۱۸۸۴۔۱۹۷۹ء) وغیرہ شامل ہیں۔ 42 اسی محرک کے تحت قرون وسطیٰ (Medieval Period; 5-15th Century) کے مسلمان علماء کی فلکیات، جغرافیہ،تاریخ، طب، ریاضی، فلسفہ، علم کلام سے متعلق سینکڑوں کتب کو ایڈٹ کر کے شائع کیا گیا اور ان کے تراجم عربی سے یورپی زبانوں میں کیے گئے تا کہ مسلمانوں کے علوم وفنون کی روشنیوں سے یورپ کی جہالت کی تاریکیوں کو دور کیا جا سکے۔ تحریک استشراق کے اہداف ومقاصد (Objectives and Goals) مستشرقین نے مشرقی علوم وفنون کے حصول کی خاطر اپنی زندگیاں کیوں کھپا دیں؟
Flag Counter