Maktaba Wahhabi

61 - 79
مکتوبات ممتاز اہل علم کی تنقیدات اور تبصرے زیر نظر خطوط کی اشاعت کے ساتھ ہی ’محدث‘ میں آئندہ سے مکاتیب کی اشاعت کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے تاکہ قارئین کی قیمتی آرا اور تبصرہ وتاثرات کے ذریعے افادہ واستفادہ کا دوطرفہ سلسلہ شروع کیا جائے۔ بعض خطوط میں بڑے قیمتی نکات ہوتے ہیں ، جن کو نظرانداز کرنا مناسب نہیں ہوتا۔اُمید ہے کہ ہمارے قارئین اس سلسلے کو پسند فرمائیں گے اور مجلہ و مضامین میں پائی جانے والی ضروری اصلاح و تنقید سے تحریری طور پر مطلع فرما کر ’محدث‘ کے اس سلسلہ کو جاری وساری رکھیں گے۔ مدیر 1.مولانا ارشاد الحق اثری ، فیصل آباد بخدمت محترم و معظم مولانا حافظ عبدالرحمن مدنی صاحب، زادکم اﷲ عزاً وشرفاً السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ مزاجِ گرامی! آپ کی زیرنگرانی شائع ہونے والے، جامعہ لاہور الاسلامیہ کے ترجمان ماہنامہ ’رُشد‘ کی تین خصوصی اشاعتیں جو ’قرآء ا ت نمبر‘ کے عنوان سے آپ اور آپ کے رفقاے کار نے زیورِ طبع سے آراستہ کرکے اہل علم کے ہاتھ میں تھما دی ہیں ، اس پر جس قدر بھی آپ کا شکریہ ادا کیا جائے، کم ہے۔ بلا شبہ آپ نے ملت اسلامیہ کے پیروکاروں پر بالعموم اور اہل علم پر بالخصوص یہ احسانِ عظیم کیاہے۔ قراء ت اور بالخصوص قراء تِ سبعہ و عشرہ پرمستشرقین اور ان کی معنوی ذرّیت نے جس قدر اعتراضات کئے تھے، اس ’قراء ت نمبر‘ میں ایک ایک کا مدلل جواب ہے۔ والحمد ﷲ علی ذلک! علمی مضمون لکھنا اپنی جگہ ایک مشکل مسئلہ ہے، لیکن اہل علم سے مضمون لکھوانا اس سے بھی مشکل مرحلہ ہے۔ اس راہ کی صعوبتوں سے وہی واقف ہے جو عملاً صحافتی میدان میں اُترا ہو۔ یہ قراء ت نمبر دیکھ کر یہ احساس بڑی شدت سے اُبھرتا ہے اور اس میں خوشی بھی محسوس ہوتی ہے کہ آپ کاماشاء اللہ تمام اہل علم سے رابطہ ہے۔ سبھی آپ کی آواز پر لبیک کہتے ہیں اور آپ نے بھی سبھی حضرات کو پذیرائی بخشی ہے اور ان کی قدر افزائی فرمائی ہے۔ اہل حدیث ہوں
Flag Counter