Maktaba Wahhabi

محدث شمارہ 263

مؤلف: حافظ عبد الرحمن مدنی

ناشر: مجلس التحقیق الاسلامی لاہور

سال شائع: اگست و ستمبر 2002ء

284
ہے جومیں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سن کر لکھا ہے ۔‘‘ [1] (۵) صحیفہ علی : حضرت علی نے فرمایا کہ ہمارے پاس کچھ نہیں ، سوائے کتاب اللہ کے اور اس صحیفہ کے جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول ہے [2]…صحیح بخار ی کی دوسری روایت کے مطابق اس صحیفہ میں دیت اور قیدیوں کے چھڑانے کے احکام ہیں اور یہ حکم کہ کافر، حربی کے (قتل کے ) عوض مسلمان کو نہ مارا جائے۔ [3] (۶) حضرت انس رضی اللہ عنہ کی تالیفات : حضرت انس رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں دس برس رہے۔ آپ نے عہد ِرسالت ہی میں احادیث کے کئی مجموعے لکھ کر تیا ر کر لیے تھے ۔ ان کے شاگرد سعید بن ہلال فرماتے ہیں کہ ہم جب حضرت انس سے زیادہ اصرار کرتے تو وہ ہمیں اپنے پاس سے بیاض نکال کر دکھاتے اورکہتے کہ ’’یہ وہ احادیث ہیں جو میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنتے ہی لکھ لی تھیں اورپڑھ کر بھی سنا دی تھیں‘‘[4] (۷) صحیفہ عمر و بن حزم رضی اللہ عنہ : ۱۰ھ میں جب یمن کا علاقہ نجران فتح ہوا تو رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عمرو بن حزم کویمن کا عامل بنا کر بھیجا توانہیں ایک عہد نامہ تحریر فرما دیا جس میں آپ نے شرائع وفرائض وحدود ِاسلام کی تعلیم دی تھی۔ [5] (۸) قبیلہ جُہینہ کے نام تحریر : عبد اللہ بن عکیم روایت کرتے ہیں کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک تحریر (ہمارے قبیلہ جہینہ ) کو پہنچی ۔ [6] (۹) اہل جرش کے نام خط: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک نامہ مبارک اہل جرش کو بھیجا تھاجس میں کھجور اور کشمش کی مخلوط نبیذ کے متعلق حکم بیان فرمایا گیا تھا ۔ [7] (۱۰)حضرت معاذ رضی اللہ عنہ نے یمن سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے لکھ کر دریافت کیا کہ کیا سبزیوں میں زکوٰۃ ہے ؟ آپ نے تحریری جواب دیا کہ سبزیوں پر زکوٰۃنہیں ۔[8] (۱۱) عہد ِنبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے خطوط : عالم اسلام کے نامور مؤرخ ڈاکٹر حمید اللہ رحمۃ اللہ علیہ کا بیان ہے کہ عہد ِنبوی کے کوئی پونے تین سو مکتوب یکجا کیے جاچکے ہیں۔[9] (۱۲) تبلیغی خطوط : صلح حدیبیہ کے بعد آپ نے دنیا کے چھ مشہور حکمرانوں کے نام تبلیغی خطوط روانہ فرمائے اور ان پر اپنی مہر بطورِ دستخط ثبت فرمائی۔ [10]…قیصرو کسریٰ وغیرہ کے نام خطوط کا ذکر صحیح بخاری میں بھی موجود ہے اور خط پر مہر لگانے کیلئے چاندی کی انگوٹھی تیار کرنے کا ذکر بھی موجود ہے۔[11] (۱۳) نومسلم وفود کے لیے صحائف: جب حضرت وائل بن حجر نے (مدینہ سے ) اپنے وطن لوٹنے کے ارادے پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور عرض کیا ’’یا رسول اللہ!میری قوم پر میری سیادت کا فرمان لکھو ا دیجئے ‘‘ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے تین ایسے فرمان لکھو ا کر وائل کے سپرد فرمائے [12]
x
صفحہعنوان
150فتنۂ انکارِ حدیث
160مسٹر غلام احمدپرویز کے کفریہ عقائد
195اختلافِ تعبیر قرآن اور منکرین ِحدیث
234اطاعت ِرسول صلی اللہ علیہ وسلم اور پرویز
257پرویزیت کے بارے میں علماءِ اسلام کے فتاویٰ
265برصغیر میں فتنۂ انکارِ حدیث کی تاریخ اور اسباب
280عہد ِنبوی میں کتابت ِحدیث (مختصر تحقیقی جائزہ)
287حفاظت ِحدیث میں حفظ کی اہمیت
298حفاظت ِ حدیث کے مختلف ذرائع
304انکارِ حدیث … حق یا باطل؟
335’حجیت ِحدیث‘ پر بعض شبہات کا جائزہ
345مقامِ حدیث اور بزمِ طلوعِ اسلام، کویت
364حجیت ِحدیث اور فتنۂ انکارِ حدیث
369برصغیر میں انکارِ حدیث کا لٹریچر
386دفاعِ حدیث اور اہل ِحدیث
Flag Counter