اردویا کسی اور زبان میں مطلق طور پر’’مبارک ہو ‘‘ کے الفاظ کہنا کیسا ہے؟ عرض ہے کہ یہ بھی برکت کی دعا کے ہی کلمات ہیں لہذا ایسا کہناجائز و صحیح ہے ۔ اور نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مروی احادیث جن میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے برکت کی دعا کی، اس طرح کے کلمات سے ان پر عمل ہوجائے گا۔ اس موقع پر پڑھی جانے والی مشہور دعا کا جائزہ : واضح رہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مسنون دعا کا تذکرہ ہوچکا البتہ بعض دعائیں چند ایک آثار کی بنیاد پر دعاؤں کی کتب میں موجود ہیں اور اہل علم بھی ان کو پڑھتے ہیں جیساکہ : ’’باركَ الله لَكَ فِي الْمَوْهُوبِ لَكَ،وشَكَرْتَ الْوَاهِبَ وَبَلَغَ أَشدَّهُ،وَرُزِقْتَ بِرَّهُ ‘‘ یعنی : ’’اللہ تعالیٰ اس بچے میں برکت عطا فرمائے اور تم دینے والے کا شکر ادا کرواور یہ بچہ شعور کی عمر کو پہنچے اور اس کی نیکی سے نوازے جاؤ۔ ‘‘[1] یہ اثر مسند ابن الجعد میں حسن بصری رحمہ اللہ سے بیان کرنے والے الہیثم بن الجماز ہیں ،جس پر خود ابن الجعد رحمہ اللہ نے یحی ابن معین رحمہ اللہ کی جرح کو نقل کیا کہ انہوں نے اسے ضعیف قرار دیا ۔نیز اسے امام احمد رحمہ اللہ ، امام نسائی رحمہ اللہ نے متروک اور ابن معین رحمہ اللہ نے کہا : کان قاصا یعنی : قصہ گو تھا۔ [2] یہ اثر تاریخ دمشق میں حسن بصری رحمہ اللہ سے بیان کرنے والے کلثوم بن الجوشن ہیں ، اورتاریخ دمشق ہی کے حوالے سے علامہ سیوطی رحمہ اللہ نے اسے وصول الامانی باصول التھانی میں ذکر کیا اور اس کے محقق یحی بن علی الحجوری نے اسے ضعیف قرار دیا ہے۔ [3] |