عرض مرتب
قرآن مجید وہ عظیم الشان کتاب ہدایت ہے جس کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ تعالی نے اٹھا رکھی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہر دور میں امت کے بے شمار اہل علم نے قرآن مجید کی خدمت کی ہے اوراس کے مختلف علوم وفنون پر اپنی شاندار کتب تصنیف فرمائی ہیں۔
اللہ تعالی نے امت محمدیہ کی آسانی کے لئے قرآن مجید کو سبعہ احرف پر نازل فرمایا ہے۔ ان پرایمان لانا واجب اور ضروری ہے،اوران کا انکار کرنا کفر اورقرآن کا انکار کرنا ہے۔اس وقت دنیا بھر میں سبعہ احرف پر مبنی دس قراء ات اوربیس روایات پڑھی پڑھائی جارہی ہیں، جن میں سے چار روایات (روایت قالون،روایت ورش،روایت دوری بصری اور روایت حفص) ایسی ہیں جو دنیا کے کسی نہ کسی حصے میں عامۃ الناس میں باقاعدہ رائج اور متداول ہیں۔عالم اسلام کے ایک بڑے حصے پر قراء ت امام عاصم بروایت حفص رائج ہے، جبکہ مغرب، الجزائر، اندلس اور شمالی افریقہ میں قراء ت امام نافع بروایت ورش، لیبیا ،تیونس اور متعدد افریقی ممالک میں روایت قالون عن نافع ،مصر، صومالیہ، سوڈان اور حضر موت میں روایت دوری عن امام ابو عمرو بصری رائج اور متداول ہے ۔قراء ات قرآنیہ کے مختلف پہلووں پر اب تک متعدد کتب لکھی جا چکی ہیں۔ ان میں سے ایک اہم ترین پہلو حجیت قراء ات کا بھی ہے۔ زیر نظر کتاب اسی پہلو کو سامنے رکھ کر تیار کی گئی ہے۔
کلیۃ القرآن الکریم کے نصاب میں ’’حجیۃالقراء ات‘‘ کا مادہ شامل کئے جانے کے بعد اس بات کی شدید ضرورت محسوس ہوئی کہ ایک ایسی کتاب تیار کی جائے جو اپنے فن پر مدلل ہونے ساتھ ساتھ مختصر اور نصابی تقاضوں کو بھی پورا کرنے والی ہو۔چنانچہ استاد محترم قاری محمد ابراہیم میر محمدی صاحب حفظہ اللہ کے حکم پر وفاق المدارس السلفیہ میں حجیت قراء ات
|