Maktaba Wahhabi

36 - 127
عالم اسلام مترجم :نعیم الرحمٰن ناصف مصرکی سلفی جماعت’حزبُ النور‘ سے روزمره سوالات دسمبر 2010ء سے شروع ہوالا عرب انقلاب 15 ماه کے قليل عرصے میں عظيم منازل طے کرچکاہے۔ برسوں سے منجمد عرب کے سمندر میں زندگی انگڑائی لیتی نظر آرہی ہے اور ملت ِمحمدیہ اسلام کی طرف لوٹ رہی ہے۔تیونس،مصر، اورلیبیا کے بعد اب کویت اور یمن میں بھی اسلامی جماعتوں کوسياسی ميدان میں غیرمعمولی کامیابیاں ملی ہیں۔جس طرح لیبیا کے انقلابیوں نے اسلامی شریعت میں پناہ لینے کا اعلان کرکے‎ مغرب کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا ، اسی طرح مصر میں اسلامی جماعتوں کو دوتہائی سے زیادہ ملنے والی اکثریت نے ملتِ کفر کے لئے اندیشوں و پریشانیوں کے سائے گہرے کردیے ہیں۔قومی اسمبلی کے بعد مصری سینٹ کے انتخابات میں بھی دینی جماعتوں کی کامیابیوں کا تناسب مزید نمایاں ہواہے۔فروری12ء کے مہینے میں کویت میں ہونے والے انتخابات میں بھی اسلامی جماعتوں کو نصف سے زیادہ نشستیں حاصل ہوچکی ہیں۔ تیونس میں اسلام کے نام پر انتخابات جیتنے والی ’حركت نہضت‘ بھی اپنا وزیر اعظم بھی لا چکي ہے۔ یمن میں تین دہائیوں کے بعد دینی جماعتوں کا متفقہ صدارتی اُمیدوارمنصور ہادی سابق صدر علی عبد اللہ کی جگہ لے رہا ہے۔ان عرب ممالک میں اخوان المسلمین کے ساتھ ساتھ سلفی اُمیدواروں نے بھی نماياں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور آہستہ آہستہ یہ نظریہ پختہ ہورہا ہے کہ اخوان اور سلفی ، لادین قوتوں کے مقابلے میں متحد اور یکسو ہیں۔مصر میں اخوان کی نمائندہ سیاسی جماعت حركة الحرية والعدالة(جسٹس اینڈ فریڈم پارٹی) کے ساتھ ساتھ سلفی مکتبِ فکر کی نمائندہ ’حزب النور‘ نےقومی اسمبلی میں 24 فیصدنشستیں حاصل کی ہیں۔ مصر میں اس وقت اسلامی جماعتوں کے ایک ہی نمائندہ اُمیدوار حازم صلاح ابو اسمٰعیل ميدان میں ہیں جنہیں سلفی جماعت حزب النور نے اپنا صدارتی اُمیدوار نامزد كيا ہے۔ دینی جماعتوں کی اسمبلیوں اور سینٹ انتخابات میں نمایاں کامیابی کے بعد حازم صلاح کی مصر ى صدر كى طورپر کامیابی کے امکانات بہت بڑھ چکے ہیں،یاد رہے کہ مصر میں جون 12ء انتقالِ اقتدار کا مہینہ ہوگا۔ پاکستان کی اسلامی جماعتوں اور دینی تحریکوں کے لئے اس وقت یہ مطالعہ بڑی اہمیت رکھتا ہے کہ عرب کی یہ جمہوری اور سلفی جماعتیں معاشرے کو اسلامی ثمرات سے مستفید کرنے کے لئے کیا لائحہ عمل اختیار کرتی ہیں۔ ان کے ہاں تبدیلی کا ایجنڈا اور ترجیحات کیا ہیں؟ اس حوالے سے حزب النور، مصر کی ویب سائٹ پر اُن کے سیاسی وژن اور منشور کے طورپر شائع کی جانے والے دستاویز بھی مطالعہ كے قابل ہے، تاہم فی الحال اس شمارے میں ہم ’حزب النور‘ سے آئے روز پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات کا اُردو ترجمہ شائع کررہے ہیں۔ ح م
Flag Counter