Maktaba Wahhabi

73 - 79
تعلیم و تعلّم پروفیسر ڈاکٹر محمد امین وفاق ہائے مدارسِ دینیہ کی خدمت میں چند گزارشات اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی معاشرے میں دینی لحاظ سے اس وقت جتنی رونق اور حرکت نظر آتی ہے، اس کا ایک بڑا ذریعہ اور سبب ہمارے دینی مدارس ہیں جن سے فارغ التحصیل ہونے والے علماے کرام ہماری مساجد کو آباد رکھنے اور معاشرے کی مذہبی رسوم ادا کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ راقم مدارس کے اسی کردار کی وجہ سے ان کامداح ہے اور ان کے نظام کو بہتر اور خوب تر بنانے کے لئے کوششیں کرتا رہتا ہے۔ ہمارے ادارے نے اہل سنت کے چار وفاقوں کے زعما کی مشاورت اور ان کے تعاون سے پچھلے سالوں میں دینی مدارس کے نصاب کی بہتری اور اساتذہ کی تربیت جیسے متعدد اقدامات کئے ہیں ۔ حال ہی میں ملک کے سب سے بڑے وفاق ’وفاق المدارس العربیہ‘ میں اختلاف و انتشار کی خبروں سے راقم کو بھی دُکھ پہنچا ہے اور بعض دیگر وفاقوں کے حالات بھی اس کے علم میں ہیں لہٰذا وہ دینی مدارس سے محبت اور خیرخواہی کے جذبے سے، نہ کہ کسی خاص گروہ کی حمایت یامخالفت کی وجہ سے، اہل مدارس کی خدمت میں چند گزارشات پیش کرنا چاہتا ہے۔ اگر وہ مناسب سمجھیں تو اپنے وفاق سے متعلق ان تجاویز پر عمل کرسکتے ہیں : 1. وفاق بنیادی طور پر حکومت سے منظور شدہ ایک تعلیمی امتحانی ادارہ ہے جوملحقہ مدارس کے طلبا کا امتحان لیتا اور سند جاری کرتا ہے، جس طرح کہ ملک میں جدید تعلیم کے لئے قائم سیکنڈری بورڈ اور یونیورسٹیاں کرتی ہیں ۔ صرف امتحانی شعبے کے ایک انتظامی ادارے کی حیثیت سے اُصولاً وفاق کا ملکی سیاست یا دوسرے دینی کاموں ،جیسے دعوتِ دین و تبلیغ، امربالمعروف و نہی عن المنکراور نفاذ ِ شریعت وغیرہ سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہئے۔ البتہ اگر وفاق چاہیں تو اپنے مستقل مدارس بھی قائم کرسکتے ہیں ۔ ہماری معلومات کی حد تک ابھی کسی وفاق نے کوئی ایسا تعلیمی ادارہ قائم نہیں کیا ہے۔
Flag Counter