عرضِ ناشر
عقیدے میں ’’توحید ‘‘جتنی اہم چیز ہے اتنا ہی اس کے باریک نکات کو سمجھنا دقیق کام ہے۔ اس موضوع پر بہت سی ضخیم کتب لکھی جا چکی ہیں جن سے علمائے کرام، طلبا اور عوام الناس فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ تمام مؤلفین و مرتبین کو جزائے خیر سے نوازے۔
ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ ایک چھوٹے سے کتابچے میں توحید کو عام فہم اور آسان الفاظ میں پیش کیا جائے تاکہ وہ لوگ بھی اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں جو زیادہ علم نہیں رکھتے یا ابھی علم حاصل کرنے کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔اس ضرورت کو محترم عبداللہ بن احمد الحویل حفظہ اللہ نے بخوبی انجام دیا۔چونکہ یہ کتاب عربی زبان میں تھی اس لیے اُردو دان طبقہ اس کے ثمرات سے محروم تھا۔ اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے برادرم پیرزادہ شفیق الرحمن الدراوی حفظہ اللہ نے بھر پور محنت کی اور اسے اُردو قالب میں ڈھالا اورساتھ ہی حواشی و تعلیقات بھی تحریر کر دیے تاکہ جہاں اصل بات سمجھنے میں مشکل ہو، وہاں تعلیقات سے مزید فائدہ اُٹھایا جا سکے۔اس محنت سے کتاب کی افادیت میں بے پناہ اضافہ ہو ا اور یہ پہلے سے بھی زیادہ عام فہم اور آسان ہو گئی ہے۔کیونکہ دین میں آسانی مقصود شریعت ہے۔
صحیح روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’بیشک اللہ تعالیٰ نے مجھے سختی کرنے والا اورتند خو بناکر مبعوث نہیں کیا، بلکہ مجھے آسانی پیدا کرنے والا استاذ بنا کر مبعوث کیا ہے۔‘‘[مسلم]
اس کتابچے میں توحید کی بنیادوں سے لے کر تفصیلات تک تمام مضامین کو نہایت مختصر مگر جامع اور عمومی فہم کے مطابق ترتیب دے دیا گیا ہے۔ڈاکٹر علامہ عبداللہ بن الجبرین رحمہ اللہ اور الشیخ خالدمصلح حفظہ اللہ کی تقدیم نے اس کتابچہ کے مفید ہونے مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔
|