Maktaba Wahhabi

75 - 95
جہاں تک حاسد انسان کے بنظر حسد دیکھنے سے تکلیف ہونے کا تعلق ہے اور کیا ایسی پوشیدہ لہریں اور شعائیں ہیں جو اس طرح کا اثر دکھا جاتی ہیں؟ تو یہ ایک احتمالی نظریہ ہے جس کا نہ تو قطعاً اعتبار کیا جاسکتا ہے نہ انکار!! یہ تو خیر اس دور کی بات ہے، لیکن آج کل اس طرح کی لہروں اور شعاعوں کا نظریہ ایک تسلیم شدہ حقیقت بن چکا ہے اور میڈیکل سائنس کے ڈاکٹروں کےمشاہدے میں بھی آچکا ہے۔ مجھے میرے دوست ڈاکٹر رحمت عمران (ایم بی بی ایس، ای ڈی او محکمہ صحت پنجاب) نے خود بتایا کہ میں اپنے کلینک میں بیٹھا ہوا تھا کہ ایک شخص میرے کلینک میں داخل ہوا اور میری کرسی کے اوپر شیشے کے فریم میں مہینوں سے لٹکی ہوئی میری تصویر کے اوپر نظر جما کر بولا: واہ کیا خوبصورت اور خوش نما تصو یر ہے۔ اس کے یہ کہتے ہی لکڑی کے فریم میں تصویر کے اوپر لگا ہوا شیشہ کڑک کر ایک خاص شکل میں ٹوٹ نیچے آگرا اور اس کے بعد میرا یقین پختہ ہوگیا کہ حدیث ِنبوی میں بیان شدہ نظربد کا اثر برحق ہے ،ورنہ پہلے میں اسے محض مولویوں کی ہفوات ہی سمجھا کرتا تھا۔ بہر حال نظر بد کی تاثیر سے انسان کا جانی اور مالی نقصان ہوسکتا ہے او ریہ اللہ کی تقدیر کے تحت ہے ، ادلّہ شرعیہ میں کوئی ایسی دلیل نہیں کہ اس کے اثرات محدود چیزوں پر ہی ہوتے ہیں۔ ہمارے دور کے بعض عاملین حضرات اس سلسلے میں بہت سے نفسیاتی اور جسمانی امراض کو نظر بد کا اثر ثابت کرنے میں مبالغہ آرائی سے کام لیتے ہیں اور یہ مبالغہ تشخیص کےسلسلے میں بھی ہے اور علاج کے سلسلے میں بھی ، مثلاً دم کے وقت مریض کا رونا یا بے چینی اور پریشانی کا اظہار کرنا یا بعض اعضا کا گرم یا ٹھنڈا ہونا وغیرہ وغیرہ۔ حالانکہ ایسے نفسیاتی اور جسمانی تغیّرات انسان کو دم کرنے سے پہلے ہی لاحق ہوسکتے ہیں حالانکہ وہ ابھی عامل کے کمرے میں داخل نہیں ہوا ہوتا۔ اور دم جوقرآنِ کریم کی آیات اور رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے کلماتِ طیبات پر مشتمل ہو، وہ اللہ کی قدرتِ کاملہ او رحکمتِ بالغہ کے تحت یقین او ر ایمان کے مطابق اثر رکھتا ہے اور اس کے اثر سے جذبات حرکت میں آجاتے ہیں او روہ دل کی گہرائیوں تک اثر کرتا ہے اور غمگین اور پریشان مریض اس کے اثر سے رو بھی پڑتا ہے اور پریشان بھی ہوجاتا ہے،پھر اسے سکون اوراطمینان بلکہ آرام و سکون بھی حاصل ہوجاتا ہے،تو یہ ضروری نہیں کہ وہ نظر بد سے بیمار ہوا تھا ،بلکہ کسی اور سبب سےبھی ہوسکتا ہے۔ قرآنِ کریم میں ہے :
Flag Counter