ان متذکرہ باتوں کے علاوہ دشمن کے مقابلہ میں عددی قوت اور قوت ِحربیہ کے ضمن میں سورۃ الانفال کی چند مزید آیات پیش نظر رہیں : ﴿يٰاَيُّهَا النَّبِىُّ حَرِّضِ الْمُوٴمِنِيْنَ عَلَى الْقِتَالِ إنْ يَّكُنْ مِّنْكُمْ عِشْرُوْنَ صَابِرُوْنَ يَغْلِبُوْا مِائَتَيْنِ وَإنْ يَّكُنْ مِّنْكُمْ مِائَةٌ يَّغْلِبُوْا ألْفًا مِّنَ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا بِأنَّهُمْ قَوْمٌ لاَّ يَفْقَهُوْنَ﴾ (الانفال:65) ”اے نبی صلی اللہ علیہ وسلم ! ایمان والوں کو جہاد کا شوق دلاوٴ۔ اگر تم میں بیس بھی صبر کرنے والے ہوں گے تو دو سو پرغالب رہیں گے اور اگر تم میں ایک سو ہوں گے تو ایک ہزار کافروں پر غالب رہیں گے۔ اس واسطے کہ وہ بے سمجھ لوگ ہیں ۔ “ چونکہ قتال سے بھاگنا ان سات کبیرہ گناہوں میں سے ہے جن کے بارے میں سخت وعید آئی ہے۔16 اس لئے بتا دیا گیا کہ دشمن کے مقابلہ میں ثابت قدمی کی حد کیا ہے۔ یہ آیات شروع اسلام کی ہیں جب ایمانی طاقت اپنے عروج پر تھی اور مسلمان تعداد کے اعتبار سے قلیل تھے، اس لئے دس گنا دشمن کے مقابلے میں ہٹنے کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ مردانہ وار مقابلہ کرنے کا حکم دیا گیا۔ بعد میں جب مسلمانوں کی تعداد بڑھ گئی تو اس حکم میں تخفیف کردی گئی : ﴿اَلْئٰنَ خَفَّفَ اللهُ عَنْكُمْ وَعَلِمَ أَنَّ مِنْكُمْ ضَعْفًا فَإنْ يَّكُنْ مِّنْكُمْ مِائَةٌ صَابِرَةٌ يَغْلِبُوْا مِائَتَيْنِ وَإنْ يَّكُنْ مِّنْكُمْ أَلْفٌ يَّغِلْبُوْا أَلْفَيْنِ بِإذْنِ اللهِ، وَاللهُ مَعَ الصَّابِرِيْنَ﴾(الانفال:66) ”اچھا اب اللہ تمہارا بوجہ ہلکا کرتا ہے، وہ خوب جانتا ہے کہ تم میں ناتوانی ہے، پس اگر تم میں سے ایک سو صبر کرنے والے ہوں گے تو وہ دو سو پر غالب رہیں گے اور اگر تم میں سے ایک ہزار ہوں گے تو وہ اللہ کے حکم سے دو ہزار پر غالب رہیں گے۔ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔“ یعنی اگر دشمن دگنی تعداد میں ہو تو اس کا مقابلہ فرض ہے۔ راہ فرار اختیار کرنا جائز نہیں ۔ ان آیات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ مسلمانوں کی متذکرہ بالا تعداد صبر (ثابت قدمی) کے ساتھ مربوط ہے۔ تھڑدِلے، بزدل اور پست ہمت نوجوانوں کی تعداد مراد نہیں ، اور دوسرے یہ کہ یہاں جس دشمن کے سامنے کھڑے رہنے کا حکم دیا گیا ہے وہ کم و بیش ویسے ہی آلاتِ حرب استعمال کررہا تھا جو مسلمانوں کے پاس تھے، بدر و اُحد میں دشمن کے پاس تلوار، تیر، نیزے بطور ہتھیار اور گھوڑے، اونٹ برائے باربرداری تھے اور تعداد کے تفاوت سے یہی چیزیں مسلمانوں |