Maktaba Wahhabi

109 - 142
مجلس علماء پاکستان افادات: ڈاکٹر صہیب حسن نگارش: حافظ حسن مدنی کراچی میں علماءِ اہلحدیث کنونشن (حالاتِ حاضرہ اور علماء كرام كى ذمہ دارياں ) معاشرے میں بڑھتی بے اطمینانی اور لادینیت کی روک تھام کے لئے علماء کرام سرگرم تو ہیں لیکن مقابل میں اس قدر زیادہ منظم طورپر اور غیرمعمولی وسائل کے ساتھ عریانی ، اِباحت پسندی اور دین بیزاری کو فروغ دیا جارہا ہے کہ علما کی کوششیں کامیاب نہیں ہوپارہیں ۔عالمی سطح پر اسلام کی دعوت کو درپیش مسائل اس پر مستزاد ہیں ۔ چنانچہ معاشرے میں دینی کام کی رفتار بڑھانے، باہمی رابطے کو فروغ دینے اور اسلام کے پھیلاؤ کیلئے اپنے اثر ورسوخ کو پھیلانے کی غرض سے علما کو باہمی مشاورت کا اہتمام کرنا اور کبار علما سے رہنمائی لینا چاہئے اسی غرض سے حافظ عبد الرحمن مدنی صاحب نے گذشتہ سال سے ملک بھر میں علما کے متعددکنونشن منعقد کرنے کا اہتمام کیا۔اس سلسلہ کا پہلا کنونشن فیصل آباد میں مولانا حافظ محمد شریف صاحب کی دعوت پر مرکز التربیۃ الاسلامیہ فیصل آباد میں ہوا، یہ کنونشن مولانا عبد اللہ امجد چھتوی کے زیر صدارت 2/اگست 2003ء کو منعقد ہوا جس میں فیصل آباد اور گرد ونواح کے ممتاز علما نے شرکت کرکے اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا۔ اسی سلسلے کا پنجاب کی سطح پر دوسرا اجتماع لاہور میں مجلس التحقیق الاسلامی کے مرکزی دفتر میں 10 /اگست 2003ء کو منعقد ہوا جس میں بھی انہی موضوعات پر طویل مشاورت کی گئی اور علماء کے اثر ورسوخ کوبڑھانے اور دین حقہ کی دعوت پھیلانے کیلئے تجاویز وآرا پیش کی گئیں ۔اس اجلاس میں بڑے جامعات کے شیوخ الحدیث اور اساتذہ سمیت لاہور اورگوجرانوالہ کے ممتاز علما نے شرکت کی۔تقریبا ڈیڑھ سو علما کا یہ اجلاس صبح سے تقریباً مغرب تک جاری رہا۔ اس سلسلے کا تیسرا اجتماع 14/ ستمبر 2003 ء کو مرکز دعوۃ التوحید، اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا، جس میں 60 سے زائد علماء کرام نے شرکت کی۔ اجتماع میں دعوتِ اہلحدیث کو موٴثر بنانے اور موجودہ حالات میں علما کی ذمہ داریوں پر گفتگو کی گئی۔ پہلی نشست کی صدارت ڈاکٹر حافظ عبدالرشید اظہر اور دوسری نشست کی صدارت حافظ عبدالرحمن مدنی صاحب نے کی۔ اس اجتماع کی غرض و غایت یہ تھی کہ بین الاقوامی اور ملکی حالات کے تناظر میں کتاب و سنت کی خالص دعوت پیش کرنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے، ان حالات میں اہلحدیث کو کیا حکمت ِعملی اپنانی چاہیے؟ اس اجتماع کی رپورٹ محدث ،اکتوبر 2003ء میں شائع ہوئی۔ اس سلسلے میں حافظ عبدالرحمن مدنی نے علما کا چوتھا اجلاس ’حالاتِ حاضرہ اور علما کی ذمہ داریاں ‘ کے نام سے کراچی میں 25 /اپریل 2004ء کو طلب کیا۔ جس کی رپورٹ ذیل میں پیش کی جارہی ہے۔ ادارہ
Flag Counter