Maktaba Wahhabi

113 - 142
بسنت اور ویلنٹائن منانے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے۔ غلام احمد پرویز کی طرح ان کے نزدیک ایسے تمام فنونِ لطیفہ اور رسوم ورواج کی مخالفت کی وجہ ثقہ علما کی تنگ نظری اور کم ظرفی ہے جب کہ ان کے ترقی پسند اسلام میں یہ پابندیاں نہیں پائی جاتیں ۔ کراچی کے علما کو خبردار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں ان کا مرکز دانش سرا عوام میں اسلام کے بارے شکوک و شبہات کو ہوا دے رہا اور امریکہ ومغرب پرستی کے جراثیم پھیلا رہا ہے۔مولانا نے علما کو اس اہم فتنے کا نوٹس لینے اور علمی و تحقیقی بنیادوں پر اس کی تشکیکات کا ازالہ کرنے کی دعوت دے کر ضروری قرار دیا کہ ثقافتی میدان میں ان جیسے اباحت زدہ خیالات رکھنے والے منحرف خیال لوگوں کے نظریات سے علمی حلقوں کو آگاہ کر کے خالص اسلام کا دفاع کرنا چاہیے۔ تاریخ شاہد ہے کہ اہل حدیث علماء کرام ہمیشہ سے دین کے خلاف ہونے والی سرگرمیوں کے توڑ میں بنیادی کردار ادا کرتے رہے ہیں ۔ غلام احمد قادیانی ہویا غلام احمد پرویز، ہر دو کے بارے میں اہل حدیث علما نے جوغیر معمولی کردار ادا کیا، وہ برصغیر کی تاریخ کا درخشاں باب ہے۔ مسٹر جاوید احمد غامدی کے متجددانہ خیالات اور حدیث و سنت پر ان کے ملحدانہ افکار کا توڑ اہل حدیث پر سب سے پہلے عائد ہوتا ہے ۔اُمید ہے کہ آپ اپنی ذمہ داری کو پہچانیں گے اور اسلام وسنت ِرسول صلی اللہ علیہ وسلم سے دفاع کا فرض ادا کرکے اللہ کے حضور سرخروئی حاصل کریں گے۔ ڈاکٹر صہیب حسن، لندن مولانا صہیب حسن صدر القرآن سوسائٹی اور خطیب مسجد توحید، لندن جوان دنوں پاکستان کے دورہ پر تھے۔ وہ خصوصی طور پر اس اجلاس میں مدعو کئے گئے۔ انہوں نے اس اجتماع کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا : سورۃ النساء میں اطاعت اللہ اور اطاعت ِ رسول کے بعد اولی الامر کی تبعاً اطاعت کا حکم دیا گیاجس سے حکام کے ساتھ ساتھ علمابھی مراد ہیں ۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اُنہیں انبیا کے علم کا وارث قرار دیا ہے۔ نہ صرف عام حالات میں بلکہ جب بھی اُمت مسائل و مشکلات کے گرداب میں پھنسی ہوئی ہو، علما کی ذمہ داری ہے کہ وہ اُمت کی رہنمائی کا فرض سرانجام دیں ۔ اس وقت پاکستان جن مسائل سے دوچار ہے، ان سے تغافل نہیں برتا جاسکتا ہے۔
Flag Counter