الشیخ عبدالحمید ازہر حفظہ اللہ :حافظ صاحب رحمہ اللہ الشیخ عبدالحمید ازہر صاحب کو اپنا استاد مانتے تھے اور وقتاً فوقتاً ان سے مختلف موضوعات میں رجوع کرتے رہتے تھے۔ تلامذہ : پورے ملک سےطلبہ کی کثیر تعداد نے آپ سے کسب فیض کیا۔ جب راقم الحروف اصول حدیث کے دورہ میں جو حیدرآباد میں واقع مدرسہ تعلیم القرآن میں منعقد ہوا میں شریک ہوا تو اس موقع پر بھی اندرون سندھ سے مختلف مدارس کے اساتذہ و طلباء نے شرکت کی تھی۔ آپ کے تلامذہ میں سے جن چند ایککے بارے میں ہم مطلع ہوسکے، ان کے نام درج ذیل ہیں ۔ حافظ ندیم ظہیر : آپ حافظ صاحب رحمہ اللہ کے ملازم شاگردوں میں سے ہیں جنھوں نے خصوصی التزام کے ساتھ شیخ صاحب سے کسب فیض کیا۔شیخ صاحب کو آپ سے کافی امیدیں بھی تھیں ۔آپ شیخ صاحب کی زندگی سے ہی ماہنامہ الحدیث حضرو کے نائب مدیر ہیں ۔آپ ماشاءاللہ تحقیق کا اچھا ذوق رکھتے ہیں آپ کے بعض مقالات منظر عام پر آئے ہیں ،جنھیں پڑھنے کا موقع ملا،جس میں حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کی تحریر کی جھلک بھی کبھی کبھی نظر آتی ہے۔ حافظ شیر محمد صاحب : آپ بھی شیخ رحمہ اللہ کے ملازم شاگردوں میں سے ہیں اور حضرو میں واقع مدرسے کے مدرس بھی ہیں ۔ الشیخ صدیق رضاصاحب : آپ جامعۃ الدراسات کے استاذ ہیں ۔آپ کے بعض مقالات اور کتب پڑھنے کا موقع ملا۔ میدان مناظرہ میں آپ کی محنتیں اور جھود کافی ہیں ۔آپ مختلف موضوعات پر مختلف مکاتب فکر سے کئی مناظرے کر چکے ہیں ۔ الشیخ غلام مصطفی ظہیر امن پوری: آپ کا شمار جماعت کے ممتاز علماء میں ہوتا ہے ،آپ ماہنامہ ’’السنۃ ‘‘ کے مدیر بھی ہیں ،جوکہ بڑا مؤقر رسالہ ہے ۔ |