بندے کا ایما ن اس وقت تک سیدھا نہیں ہوتا جب تک اس کا دل سیدھا نہ ہو ۔قلب سلیم کے لئے ضروری ہے کہ وہ شرک و بدعت سے پاک ہو،ریا کاری سے پاک ہو، اخلاص و توحید کے نور سے منور ہو، اللہ اور اس کے رسول کی محبت کا مرکز ہو، اللہ تعالیٰ کی معرفت، عظمت محبت، خشیت ،مہابت ،توکل اور رجا ء سے معمور ہواور(الولاء والبراء) کے تعلق سے کوئی خلل یا اضطراب اس کے دل میں نہ ہو ۔ لوگوں کے ساتھ معاشرت و مخالطت میں بھی دل استقامت اور اصلاح کا آئینہ دار ہو ۔ اللہ تعالیٰ کی خاطر محبت و نفرت کی اساس پر قائم ہو ۔ اپنے بھائیوں کے خلاف کوئی کینہ،حسد،بغض یا کسی مکرو فریب کی نیت نہ ہو، ایک حدیث میں تو اس کو جنت کا شارٹ کٹ قرار دیا گیا ہے ۔’’وان تصبح ولیس فی قلبک غش لاحد ‘‘[1]دل کو ٹٹولو اگر اس پر کوئی میل کچیل نہ ہو تو سمجھو یہ نکتہ قوارب نجات میں سے ہے ۔ الغرض یہ حدیث دین اسلام کے عظیم قواعد پر مشتمل ہے ۔اللہ تعالیٰ سے عمل و استقامت کی توفیق کا سوال ہے ۔