Maktaba Wahhabi

90 - 114
تعارض الجرح والتعدیل کبھی راویوں پر جرح و تعدیل میں آپس میں تعارض ہوجاتا ہے، سب سے بڑا مشکل مسئلہ یہ ہے کہ ایک راوی کو بعض محدثین ثقہ کہہ رہے ہیں ،دوسرے محدثین ضعیف کہہ رہے ہیں ۔ تطبیق و توفیق کی پہلی صورت : ایسی صورت میں یہ دیکھنا چاہئے کہ وہ محدثین کون ہیں؟ اور یہ تعدیل کس نوعیت کی ہے؟ یہ نقد ہے تو کیا یہ نقد عدالت پر ہے یا ضبط پر ہے؟ بسا اوقات عدالت مجروح نہیں ہوتی، ضبط مجروح ہوتا ہے۔ بسا اوقات ضبط مجروح نہیں ہوتا ، عدالت مجروح ہوتی ہے۔ اب دیکھئے سلیمان بن داؤد شاذکونی ،حافظ ہیں ،تذکرۃ الحفاظ میں ان کا ذکر ہے،[1]لیکن عدالت نہیں ہے، وضاع،متروک ہیں، اب حفظ و ضبط کے باوجود عدالت نہیں ہے۔ اس لئے راوی کے بارے میں یہ دیکھنا چاہئے کہ راوی پر کی گئی جرح کس تناظر میں ہے؟ یہ اختلاف کی پوزیشن ضبط کے اعتبار سے ہے یا عدالت کے اعتبار سے ہے؟ اگر عدالت کے اعتبار سے ہے تو تطبیق و توفیق کی ایک صورت ہماری سمجھ میں آگئی کہ جنہوں نے جرح کی ان کی جرح عدالت کی وجہ سے ہے، اور جنہوں نے تعدیل کی ان کی تعدیل ضبط کی وجہ سے ہے۔اسی طرح اس کے برعکس بھی کہ جنہوں نے تعدیل کی، ان کی تعدیل عدالت کی وجہ سے ہے۔اور جنہوں نے جرح کی ان کی جرح ضبط کی وجہ سے ہے۔
Flag Counter