مقدمۃ التحقیق
بحمد اﷲ تعالیٰ قارئینِ کرام کی خدمت میں امام العصر نواب محمد صدیق حسن خان قنوجی رحمہ اللہ کی مولفات کا دوسرا مجموعہ پیش کیا جا رہا ہے۔قبل ازیں حضرت نواب صاحب رحمہ اللہ کی عقیدے سے متعلق پندرہ کتب و رسائل کا مجموعہ’’مجموعہ رسائلِ عقیدہ‘‘ کے نام سے تین جلدوں میں شائع ہوچکا ہے۔والحمد للّٰه علی ذلک۔
زیرِ نظر کتاب’’مجموعہ علومِ قرآن‘‘ میں والاجاہ نواب صدیق حسن خان قنوجی رحمہ اللہ کے وہ چار رسائل اور کتب شامل ہیں،جو انھوں نے خدمتِ قرآن کے سلسلے میں اردو اور فارسی زبان میں رقم کیں۔مجموعی اعتبار سے حضرت نواب صاحب رحمہ اللہ نے قرآنِ مجید کے متعلق سات کتب تالیف کی ہیں،جن میں سے دو عربی میں،دو فارسی میں اور تین کتب اردو میں ہیں۔
ذیل میں ان مولفات کا مختصر تعارف پیشِ خدمت ہے:
1۔فتح البیان في مقاصد القرآن:
یہ مکمل قرآنِ مجید کی تفسیر ہے،جو عربی زبان میں ہے۔اس تفسیر میں الفاظِ قرآن کی لغوی تشریح،نحوی و صرفی تحقیق،اعجازِ قرآن اور فصاحت و بلاغت کے ہر پہلو کو نمایاں کرتے ہوئے اسماے سور کی تشریح،وجہ تسمیہ اور اسبابِ نزول انتہائی بسط کے ساتھ تحریر ہیں اور صحیح احادیث کو مدِنظر رکھ کر قرآنی معانی و مطالب کی توضیح کی گئی ہے۔
یہ کتاب پہلی مرتبہ مولف رحمہ اللہ کی نگرانی میں بھوپال سے چار جلدوں میں شائع ہوئی تھی۔پھر مولف رحمہ اللہ نے اس میں مزید اضافے کیے اور اسے مصر سے دس جلدوں میں مطبعہ منیریہ (بولاق مصر) سے ۱۳۰۰ھ میں طبع کروایا۔[1] بعد ازاں اسے مکتبہ عصریہ (بیروت،لبنان) نے ادارہ احیاء التراث الاسلامی،قطر اور ادارہ شؤون اسلامیہ (وزارتِ اوقاف) قطر کے تعاون سے پندرہ جلدوں میں شائع کیا۔
|