اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ﴿ لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِيْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ ﴾ [1] ’’درحقیقت تم لوگوں کے لیے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں ایک بہترین نمونہ ہے۔‘‘ آپ کا اُسوہ حسنہ زندگی کے تمام پہلووں میں رہنمائی کا مکمل سامان فراہم کرتا ہے۔ مذہبی ، معاشرتی ، سیاسی، تعلیمی، اقتصادی، عسکری الغرض ہر گوشہ حیات کو محیط ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات مقدسہ بادشاہ، رئیس، حاکم، محکوم،سپہ سالار ، افسر، سپاہی ، معلم ، غریب، دولت مند، عابد و زاہد، امام اور پیشوا تمام مناصب پر فائز تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت میں معاشرے کے تمام افراد کے حوالہ سے ہدایت و رہنمائی موجود ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مطہرہ متنوع اوصاف کی جامع ہے اور ان اوصاف میں سے ایک اہم وصف یہ ہے کہ انسانی نفسیات کو ملحوظ خاطررکھنا اور کسی شخص کی صلاحیت ، قابلیت دیکھ کر اس کے مطابق اُسے ذمہ داری دینا، کسی عہدہ یا سرکاری منصب پر فائز کرنا۔ یہ ایک ایسا وصف ہے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کا نہایت نمایاں اور اعلیٰ وصف ہے اگر ہم کتب سیرت کا مطالعہ کریں تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے اس کا بارہا مشاہدہ کرنے میں آتا ہےکہ جن لوگوں کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی اہم سرکاری عہدے و منصب پر فائز کیا یا خطابات، القابات سے نوازا تو تاریخ اس بات پر شاہد ہے کہ حقیقتاً یہ لوگ اس کی اہلیت رکھتے تھے۔ جناب حضرت ابوبکرصدیق کو صدیق کا لقب عطا کیا اور اس میں کوئی شک نہیں آپ کی ذات میں صداقت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔آپ کو امیر الحج بنایا تو آپ امارات کے قابل تھے اور امامت کی ذمہ داری سونپی تو آپ امامت کے اہل تھے۔حضرت عمر فاروق کو فاروق کا لقب عطا فرمایا: تو واقعتاً وہ اسلام اور کفر میں فرق کرنے والے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ((لوکان بعدي نبي لکان عمر)) [2] ’’اگر میرے بعد كسی نبی نے آنا ہوتا تو وہ عمر ہوتے۔‘‘ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عثمان کو’ذوالنّورین ‘ بنایا اور حیا کا لقب عطا کیا تو یہ بھی اُن کے اوصاف کے مطابق تھا اسی طرح "أقضاهم على" حضرت علی کے بارے میں فرمایا تو وہ اس کے لائق تھے۔ سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مختلف اوقات میں مختلف لوگوں کو اُن کی اہلیت و صلاحیت کے مطابق معلّمین کے عہدوں پر فائز کیا۔ کیوں کہ کسی بھی ریاست کے نظام تعلیم میں معلّمین |