Maktaba Wahhabi

54 - 79
اجتماعات اِنہی جماعتوں کے ہوتے ہیں اور صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے ہر ملک میں ان کے اجتماعات سب سے بڑے ہوتے ہیں ۔ جو لوگ میڈیا کے کمالات اور فوائد کی باتیں کرتے ہیں ، وہ بتا ئیں کہ آخر میڈیا پر جان نچھاور کرنے والی دینی جماعتیں اپنے سالانہ اجتماعات میں کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود ایک لاکھ آدمی بھی کیوں جمع نہیں کرپاتیں اور دعوتِ اسلامی اور تبلیغی جماعت ایک پیسہ خرچ کئے بغیر کئی کئی لاکھ آدمی کیسے جمع کرلیتی ہیں ؟ ایسے افراد کو میڈیا کے قصیدے پڑھنے کے بجائے ان جماعتوں کی حکمت ِعملی پر غور کرنا چاہئے۔ ٭ ٹی وی پر آزادانہ تبلیغ کا تصور سراب سے زیادہ نہیں :یہ بھی محض ایک مفروضہ ہی ہے کہ ٹی وی ’ہر بات ‘ کہنے کی اجازت دیتا ہے۔ حال ہی میں محترم ڈاکٹر اسرار احمد کے ساتھ ایک آیت کے شانِ نزول کی وضاحت کے سلسلے میں ہونے والا سلوک اس مفروضے کی مضحکہ خیزی بیان کرنے کے لئے کافی ہے۔ ٹی وی چینل صرف وہی بات کہنے کی اجازت دیتا ہے جو زیادہ منافع کے ساتھ بکنے کی اُمید ہو، جس بات سے عوام ناراض ہوتے ہوں ، اسے ہرگز ٹیلی کاسٹ نہیں کیا جاسکتا۔ یہ اس ٹی وی کا کمال ہے کہ ایک راسخ العقیدہ مسلمان اور اسلامی تحریک کا ایک پر خلوص رہنما ٹی وی پر مجرموں کی طرح کھڑا عوام سے معافی مانگ رہا تھا ۔ سرمایہ داری کا ہر اِدارہ عوام کی بالادستی کو ممکن بنانے کا سامان فراہم کرتا ہے، یہ مقصدیت اس کی ہر ساخت میں رچی بسی ہے اور اسے کسی صورت اس سے علیحدہ نہیں کیا جاسکتا۔ جو بات ڈاکٹر صاحب نے ٹی وی پر کہی، وہی بات اگر آپ اپنے حلقہ احباب میں کہتے تو کیا ایسا ہوتا کہ افراد اُٹھ کر ڈاکٹر صاحب کے خلاف سراپا احتجاج بن کر آپ سے معافی کا مطالبہ کرتے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ روایتی طریقہ علم میں عالم اور صوفی مرشدو پیر ہوتے ہیں جبکہ ٹی وی پر وہ ٹی وی مالکان اور عوام کے مرید بن جاتے ہیں ۔ ٹی وی کس طرح مذہب کی بنیادی دعوت پر اثر انداز ہوتا ہے، اس کا اندازہ امریکہ میں اوینج لیکل (evangelical) عیسائیت کے ساتھ ہونے والے سلوک سے سمجھا جاسکتا ہے۔ اوینج لیکل عیسائیت کا ایک راسخ العقیدہ فرقہ تھا جس کی تبلیغ کا آغاز اُنیس سو چالیس کی دہائی میں بلی گراہم (Billy Graham) نے کیا۔ گراہم بنیادی طور پر نہایت متشدد عیسائی تھا، اس کا ایمان تھا کہ راسخ العقیدہ (conservative)پروٹسٹنٹ کے علاوہ کوئی گروہ جنت جانے کا حقدار نہیں ، اس کی دعوت کا بنیادی نقطہ گناہوں سے بھری امریکی معاشرت سے بغاوت تھی۔ اپنی اس متشدد
Flag Counter