تعارف و تبصرہ کامران طاہر خطباتِ جمعہ کا نیامجموعہ زاد الخطیب مرتب: ڈاکٹر حافظ محمد اسحق زاہد ٭ ۲ جلدیں (۵۵۲+۵۱۵ صفحات) ناشر: جمعیۃ إحیاء التراث الإسلامي،کویت زیر تبصرہ کتاب فاضل مصنف ڈاکٹر حافظ محمد اسحق زاہد حفظہ اللہ کی نئی علمی کاوش ہے جسے اُنہوں نے جمعیۃ احیاء التراث الاسلامی کی لجنۃ القارۃ الہندیۃ کے ایما پر کمیٹی کی طرف سے برصغیر میں مبعوث اُن دعاۃ اور مبلغین کے لیے ترتیب دیا ہے جو اُردو بول چال کے علاقوں میں دعوت و تبلیغ کی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں ۔ اسلام میں منبر ومحراب کی ہمیشہ سے اہم اور مرکزی حیثیت رہی ہے اور تاریخ اس امر کی گواہی دیتی ہے کہ جب بھی اسلامی اقدار اور روایات کو مسخ کیا جانے لگا اور خرافات وبدعات کے جھکڑ چلے تو ان حالات میں منبر و محراب سے اُٹھنے والی متبرک آواز نے ہی ان انحرافات کو روکا اور اسلامی تشخص برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ برصغیر میں صدیوں سے مختلف اَقوام ومذاہب کے لوگ اکٹھے رہ رہے ہیں اور اس بنا پر اس خطہ میں پائے جانے والے مذاہب، رسوم ورواج اور تہذیبوں کا ایک دوسرے سے متاثر ہونا لازمی امر تھا۔ چنانچہ برصغیر کے مسلمان بھی ان غیر مسلم تہذیبوں سے متاثر ہوئے بنا نہ رہ سکے اور ان کے اندر بعض بدعات وخرافات در آئیں ۔ ایسے ہی جہاں مسلمانوں نے غیر مسلم تہذیبوں اور مذاہب سے اثرات قبول کئے ، وہاں برصغیر کا طبقہ خطبا بھی اس سے متاثر ہوئے بنا نہ رہ سکا۔ کسی بھی مسلمان کا سب سے مضبوط تعلق مسجد کے ساتھ ہوتا ہے اور مساجد میں ہونے والے وعظ ونصیحت سے ہر دین دار شخص خاطرخواہ اثر قبول کرتا ہے۔ لیکن افسوس کہ ہمارے آج کے خطبا بعض اوقات کم علمی یا پھر نادانستہ طور پر ضعیف اور موضوع روایات پر مبنی مسائل کو |