Maktaba Wahhabi

76 - 111
﴿ وَمَاکَانَ لِمُؤْمِنٍ وَّ لَا مُؤْمِنَۃٍ اِذَا قَضَی اللّٰہُ وَ رَسُوْلُہٗٓ اَمْرًا اَنْ یَّکُوْنَ لَھُمُ الْخِیَرَۃُ مِنْ اَمْرِھِمْ وَ مَنْ یَّعْصِ اللّٰہَ وَ رَسُوْلَہٗ فَقَدْ ضَلَّ ضَلٰلًا مُّبِیْنًا﴾(الاحزاب :۳۶) ’’اور کسی مؤمن مرد اور عورت کو یہ حق نہیں کہ جب اللہ اور ا س کا رسول صلی اللہ علیہ وسلم کسی معاملے کا فیصلہ کردے تو پھر اسے پنے اس معاملے میں خود فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل رہے اور جوکوئی کوئی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی نافرمانی کرے تو وہ صریح گمراہی میں پڑگیا۔‘‘ سید ابوالاعلیٰ مودودی رحمۃ اللہ علیہ نے اس آیت کی حسب ِذیل تفسیر کی ہے: ’’یہ آیت اگرچہ ایک خاص موقع پر نازل ہوئی ہے مگر جو حکم اس میں بیان کیا گیا ہے، وہ اسلامی آئین کا اصل الاصول ہے اور اس کا اطلاق پورے اسلامی نظامِ زندگی پر ہوتا ہے۔ اس کی رو سے کسی مسلمان فرد، یا قوم، یا ادارے، یا عدالت، یا پارلیمنٹ یا ریاست کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ جس معاملے میں اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے کوئی حکم ثابت ہو تو اس میں وہ خود اپنی آزادئ رائے استعمال کرے۔ مسلمان ہونے کے معنی ہی خدا اور رسول کے آگے اپنے آزادانہ اختیار سے دستبردار ہوجانے کے ہیں ۔ کسی شخص یا قوم کا مسلمان بھی ہونا اور اپنے لئے اس اختیار کو محفوظ بھی رکھنا دونوں ایک دوسرے کی نفی کرتے ہیں ۔ کوئی ذی عقل انسان ان دونوں رویوں کو جمع کرنے کا تصور نہیں کرسکتا۔ جسے مسلمان رہنا ہے، اسے لازماً خدا اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے آگے جھک جانا ہوگا اور جسے نہ جھکنا ہو، اسے سیدھی طرح ماننا پڑے گا کہ وہ مسلمان نہیں ہے۔ نہ مانے گا تو اپنے مسلمان ہونے کا وہ کتنا ہی ڈھول پیٹے، خدا اور خلق دونوں کی نگاہ میں وہ منافق ہی قرار پائے گا۔‘‘ (تفہیم القرآن: سورۃ الاحزاب، حاشیہ نمبر ۶۶) اس کے علاوہ اللہ ربّ العالمین نے واضح الفاظ میں یہ اعلان فرمایا ہے کہ اگر اس کے فیصلے کو چھوڑ کر کسی اور کو جائز و ناجائز کی حدود مقر رکرنے کا اختیار دیا گیا تو ایسا کرنے والا شخص ربّ العالمین کی توحید میں شرک کا مرتکب ہورہا ہے۔ کیونکہ اللہ کے مقابلے میں اس نے شریعت سازی کا حق کسی اور کو دے کر اس کو اپنے لئے ’ربّ‘ اور ’الٰہ‘ بنا لیا ہے۔ چنانچہ اللہ ربّ العالمین قرآنِ مجید میں یہودیوں اور عیسائیوں کی اسی بُری خصلت کا تذکرہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں : ﴿اِتَّخَذُوْا اَحْبَارَھُمْ وَرُھْبَانَھُمْ اَرْبَابًا مِّنْ دُوْنِ اللّٰه وَالْمَسِیْحَ ابْنَ مَرْیَمَ وَمَا اُمِرُوْا اِلَّا لِیَعْبُدُوْا اِلٰھًا وَّاحِدًا﴾ (التوبہ:۳۱)
Flag Counter