وصیت سب سے زیادہ حفاظت و نگہبانی کی مستحق ہے تو وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وصیت ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ وصیت ہے: ’’جس نے کسی ذمی پر ظلم کیا، یا اس کی طاقت سے زیادہ اسے تکلیف دی تو میں روزِقیامت اس کے خلاف جھگڑوں گا۔‘‘74وہ تمہارے غلام نہیں ہیں کہ تم جہاں چاہو ان کوجلا وطن کردو،بلکہ وہ آزاد ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ تمہاری ذمہ داری ہے۔75 مسلمانوں نے غیر مسلم اقوام کے ساتھ عدل و انصاف کی وہ داستانیں رقم کیں کہ دیگر ادیان،اقوام اور حکومتیں آج تک اس کی کوئی نظیر پیش نہیں کرسکیں ۔اس حقیقت کا اعتراف اقوام عالم کے علما اور مفکرین نے بھی کیا ہے اور وہ تاریخ کے اوراق میں ایسی روشن شہادتیں چھوڑگئے ہیں جو حق و انصاف کو واضح کرتی ہیں ۔ مشہور برطانوی مؤرخ ہاربرٹ جارج ولز اسلامی تعلیمات کا حال بیان کرتے ہوئے لکھتا ہے : ’’ اسلامی تعلیمات نے دنیا میں باہم عادلانہ برتاؤ کے قیام کے لئے جن عظیم روایات کی بنیاد ڈالی ،وہ انسانیت کا طرۂ امتیاز اور اس لائق ہیں کہ اُنہیں دنیا پر نافذ کردیا جائے۔ان تعلیمات نے ایک ایسا انسانی معاشرہ تخلیق کیا جس نے دنیا کو سنگدلی اور ظلم ِاجتماعی کے ہولناک غار سے نکالا ۔یہ وہ امتیاز ہے جو سابقہ معاشروں میں نظر نہیں آتا۔‘‘76 سرتھامس آرنلڈ اسلامی حکومت سے قبل شام اور مصر میں عیسائی فرقوں کی باہم شدید کشاکش اور معرکہ آرائی کے نتیجہ میں مظالم کی جو لرزہ خیز داستانیں رقم ہوئیں ، ان کا تذکرہ کرنے کے بعد لکھتا ہے : ’’لیکن باہمی روا داری کے اسلامی اُصولوں نے ایسے تمام اعمال کا خاتمہ کردیا جو ظلم پر مبنی تھے، بلکہ مسلمانوں نے دوسروں کے برعکس اپنی تمام مسیحی رعایا کے ساتھ عدل و انصاف کا برتاؤ کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں ہونے دیا۔ مثال کے طور پر فتح مصر کے بعد عیسائی فرقہ یعاقبہ نے بازنطینی حکومت کی تباہی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آرتھوڈکس کے کنیساؤں پر قبضہ کرلیاتو مسلمانوں نے تحقیق کے بعد یہ تمام گرجے ان کے اصل مالک آرتھوڈکس عیسائیوں 74 السنن الکبریٰ للبیہقي: ۹/۲۰۵ وصحیح سنن أبي داوٗد :رقم۲۶۲۶ 75 کتاب الأموال از ابو عبید:ص ۱۷۰،فتوح البلدان:ص ۲۲۲،غیر المسلمین في المجتمع الإسلامي: ص۳۱ 76 من روائع حضارتنا،از دکتور مصطفی السباعی: ۱۴۶ |