Maktaba Wahhabi

41 - 86
جانوروں پر رحم فرما اور ہماری قوت میں اضافہ فرما اور ہمیں محروم و نامراد کرکے نہ لوٹا۔ اے ارحم الراحمین! تو اپنی رحمت سے دعائیں سننے والا ہے۔“ حضرت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم ابھی اس دعا سے فارغ نہ ہوئے تھے کہ بارش ہونے لگی۔ اور ہر آدمی گھر جانے کے لئے سو چنے لگا چنانچہ چوپائیوں کی جان میں جان آئی، زمین سرسبز ہوگئی اور لوگ خوشحال ہوگئے اور یہ سب کی سب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا کی برکت سے ہوا۔ ٭ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے زمانے میں ایک دفعہ قحط پڑ گیا۔ آپ تمام لوگوں کو ساتھ لے کر ایک کھلے میدان میں چلے گئے اور اللہ تعالیٰ کے حضور نہایت عاجزی و انکساری سے دعائیں مانگیں اور کثرت سے استغفار کیا اور نماز میں سورہٴ نوح کی تلاوت کی اور فرمایا کہ میں نے بارش کو اس کے سوراخوں سے طلب کیا ہے۔ (ابن کثیر) ٭ حکومت کو شرعی حدود نافذ کرنے چاہئیں ، اس سے ملک میں خیروبرکت اور امن وسکون ہوگا۔ عن ابی هريرہ رضی اللہ عنہ قال قال رسول اللّٰه صلی اللہ علیہ وسلم : حد يعمل به فی الارض خير لاهل الأرض من أن يمطروا أربعين صباحا (ابن ماجہ: حدیث ۲۵۲۹) ”حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کہ زمین پر (ایک شرعی) حد کا نفاذ ان کے حق میں چالیس دن کی بارش سے بہتر ہے“ ” ایک شرعی حد کا نفاذ چالیس راتوں کی بارش سے بہتر ہے “ (نسائی ،ابن ماجہ) اس لیے پوری قوم کو سنت ِنبوی کے مطابق پورے ملک میں نمازِ استسقاء کا اہتمام کرنا چاہیے اور اپنا اپنا جائزہ لیناچاہیے ۔جوکمی وکوتاہی ہم میں پائی جاتی ہے، اسے دور کر کے اصلاح کی کوشش کرنی چاہیے ۔ اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی چھوڑ کر صحیح معنوں میں ان کی اطاعت کرنی چاہیے۔ سودی کاروبار، ذخیرہ اندوزی، حرام ذرائع آمدنی، دھوکہ بازی، رشوت خوری اور کرپشن سے باز آنا چاہیے۔ بدکاری سے بھی اپنے آپ کو بچانا چاہیے۔ وعدے کی پاسداری اور امر بالمعروف ونہی عن المنکرکا فریضہ پوری قوم کو ادا کرنا چاہیے۔ عریانی اور فحاشی کی روک تھام کے لئے اجتماعی کوشش بروئے کار لانی چاہیے۔ ظلم و زیادتی سے گریز کرنا چاہیے اور رشتہ داروں سے صلہ رحمی اور حسن سلوک کرنا چاہیے۔ ماپ تول میں کمی بیشی کی بجائے پورا لینا اور دینا چاہیے۔ ان باتوں پر عمل پیرا ہونے سے اللہ راضی ہو جائے گا اور معاشرہ امن و سکون کا گہوارہ بن جائے گا اور رحمت ِخدا وندی جوش میں آئے گی۔ بارشوں کا نزول شروع ہوجائے گا اور کھیتوں میں ہریالی آئے گی اور وطن عزیز ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔ ان شاء الله!
Flag Counter