Maktaba Wahhabi

132 - 143
سیرت سے متعلق مولانا ابو الکلام آزاد کی تصانیف : مولانا ابو الکلام آزاد کی درج ذیل کتابیں ہیں : 1. انبیائے کرام علیہم السلام 2. خصائص محمدیہ 3. ولادت نبوی 4. سیرت طیبہ ماخوذ از قرآن مجید 5. رسول رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 6. ختم نبوت انبیائے کرام علیہم السلام : یہ کتاب ان مقالات کا مجموعہ ہے جو انبیائے کرام علیہم السلام کے حالات پر الہلال اور البلاغ یا ترجمان القرآن میں شائع ہوئے۔ اس کتاب کے مرتب مولاناغلام رسول مہر مرحوم ہیں ۔ اس کتاب میں جن انبیائے کرام علیہم السلام کے حالات بیان کئے گئے ہیں ان کے اسمائے گرامی درج ذیل ہیں :  1 .حضرت نوح علیہ السلام 2. حضرت ھود علیہ السلام 3 .حضرت صالح علیہ السلام 4.حضرت ابراہیم علیہ السلام 5 .حضرت یوسف علیہ السلام 6 .حضرت موسیٰ علیہ السلام 7 .حضرت شعیب علیہ السلام 8.حضرت ایوب علیہ السلام 9 .حضرت داؤد علیہ السلام 10.حضرت سلیمان علیہ السلام 11.حضرت یونس علیہ السلام 12.حضرت عیسیٰ علیہ السلام اس کتاب کا مقدمہ مولانا مہر نے لکھا ہے جو دو مقالو ں پر مشتمل ہے ، ایک میں سیر انبیاء کی غرض وغایت بیان کی گئی ہے ۔ دوسرے میں یہ بتایا گیا ہے کہ قرآن مجید میں مخصوص دعوتوں پر کیوں اکتفا کیا گیا ۔ پہلے مقدمہ میں مولانا مہر مرحوم ایک ذیلی عنوان ’’کامرانیاں اور محرومیاں ‘‘ کے تحت لکھتے ہیں :  چنانچہ وہ ایک طرف تو انعام یافتہ جماعتوں کی کامرانیوں کاباربار ذکر کرتاہے۔ دوسرے طرف مغضوب اور گمراہ جماعتوں کی محرومیوں کو سرگزشتیں باربار سناتاہے پھر جابجا ان سے عبرت وبصیرت کے نتائج اخذ کرتاہے جن پر اقوام وجماعات کا عروج وزوال موقوف ہے وہ کھول کھول کر بتلاتا ہے کہ انعام یافتہ جماعتوں کی سعادت وکامرانی ان ان اعمال کا انعام تھی اور مغضوب وگمراہ جماعتوں کی شقاوت ومحرومی ان ان بدعملیوں کی پاداش تھی۔ اچھے نتائج کو ’’انعام‘‘ کہتاہے کیونکہ یہ فطرت الٰہی کی قبولیت ہے بُرے نتائج کو ’’غضب‘‘ کہتاہے کیونکہ یہ قانون الٰہی کی پاداش ہے وہ کہتاہے جن اسباب وعلل سے دس مرتبہ ایک خاص معلول پیدا ہوچکاہے تم کیونکر کہہ سکتے ہو کہ گیارہویں مرتبہ ایسا معلول پیدا نہ ہوگا ۔
Flag Counter