محدثین کے ہاں حسن لغیرہ کی حجیت
تیسری صدی ہجری1. امام شافعی ۲۰۴ھ:امام شافعی رحمہ اللہ کے ہاں مرسل روایت چند شروط کی بنا پر تقویت حاصل کرتی ہے:1۔ مرسل بیان کرنے والا کبار تابعی ہو۔(الرسالۃ، ص: ۴۶۵، فقرۃ: ۱۲۷۷ و ص: ۴۶۷، فقرۃ: ۱۲۸۴)2۔ مرسل حدیث کو مسند بیان کرنے والا مجہول سے بیان نہ کرے اور نہ اس راوی سے روایت کرے جس سے روایت کرنا اچھا نہیں سمجھا جاتا۔(الرسالۃ، ص: ۴۶۳، فقرۃ: ۱۲۷۱)3۔ جب وہ کوئی ایسی حدیث بیان کرے، جسے حفاظ رواۃ بھی بیان کرتے ہیں تو ان کی مخالفت نہ کرے، بصورتِ دیگر اس (مرسل) کی روایت میں نقص ہوگا۔(الرسالۃ، ص: ۴۶۳، فقرۃ: ۱۲۷۲)حافظ علائی رحمہ اللہ ۷۶۱ھ نے امام شافعی رحمہ اللہ کے اس موقف کی بے نظیر تشریح کی ہے۔ (جامع التحصیل، ص: ۳۵، وما بعدھا)امام شافعی رحمہ اللہ کی ان نصوص سے معلوم ہوا کہ وہ مرسل تابعی کبیر کی تقویت کے قائل ہیں، جو متأخرین کے نزدیک حسن لغیرہ کی صورت ہے۔