Maktaba Wahhabi

66 - 103
کنبے میں والدین کی اہمیت وحیثیت کے بارے میں دو رائیں نہیں ہیں، ان کے بھلائی کے کام کرنے اور غلط باتوں سے اجتناب میں بجائے خود نیکی کی خاموش، مگر پر اثر دعوت، اور برائی سے گریز کی پر زور تلقین ہوتی ہے، اور اسی طرح ان کے نیک کام چھوڑنے اور برائی کا ارتکاب کرنے میں بذات خود نیکی ترک کرنے اور بدی کرنے کی خاموش، مگر زور دار تحریک موجود ہوتی ہے۔کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے: إِذَا کَانَ رَبُّ الْبَیْتِ بِالدَّفِّ ضَارِباً فَشِیْمَۃُ أَہْلَ الْبَیْتِ کُلِّہِمُ الرَّقْصُ ’’جب گھر کا سربراہ دف پیٹنے والا ہو گا، تو گھر والوں کا دستور تو رقص کرنا ہی ہو گا۔‘‘ اس بات کی تائید اس سے بھی ہوتی ہے کہ موجودہ دور کی بعض تحقیقات اس نتیجے پر پہنچی ہیں کہ نوجوانوں میں منشیات کے عام ہونے کے اسباب میں سے ایک یہ ہے کہ ان کے باپ نشہ آور چیزیں اور ان کی مائیں تسکین آور دوائیں استعمال کرتی ہیں۔[1] والدین کی یہ حیثیت اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ان کے احتساب کا اہتمام دوسرے افراد کے مقابلے میں زیادہ کیا جائے تاکہ کنبے میں نیکی کا چلن اور غلبہ ہو، اور بدی کے ختم ہونے کے امکانات میں بفضل رب العزت اضافہ ہو۔
Flag Counter