۱۰۔ ناگہانی حالات میں غیر مشروط احرام سے نکلنے میں آسانی:حج اور عمرے کے احرام میں غیر مشروط طور پر داخل ہونے والے شخص کے لیے بھی ناگہانی حالات میں احرام سے نکلنے میں قرآن و سنت میں آسانی اور سہولت موجود ہے۔ ذیل میں اس بارے میں توفیقِ الٰہی سے دو دلیلیں پیش کی جارہی ہیں:۱: ارشادِ ربانی:{وَاَتِمُّوا الْحَجَّ وَ الْعُمْرَۃَ لِلّٰہِ فَاِنْ اُحْصِرْتُمْ فَمَا اسْتَیْسَرَ مِنَ الْہَدْیِ} [1][اور حج اور عمرہ اللہ تعالیٰ کے لیے پورا کرو۔ پھر اگر روک لیے جاؤ ، تو قربانی میں سے جو میسر ہو ، کرو۔]۲: حضرات ائمہ احمد، ابوداؤد، ترمذی ، نسائی ، ابن ماجہ اور حاکم نے حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے آزاد کردہ غلام عبداللہ بن رافع سے روایت نقل کی ہے ، کہ انہوں نے بیان کیا:’’سَأَلْتُ الْحَجَّاجَ بْنَ عَمْرٍو رضی اللّٰه عنہ عَنْ حَبْسِ الْمُحْرِمِ۔‘‘’’میں نے حجاج بن عمرو رضی اللہ عنہ سے روکے جانے والے محرم کے متعلق پوچھا۔‘‘تو انہوں نے بیان کیا: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ مَنْ کُسِرَ أَوْ مَرِضَ أَوْعَرِجَ فَقَدْ حَلَّ، وَعَلَیْہِ الْحَجُّ مِنْ قَابِلٍ۔‘‘