Maktaba Wahhabi

181 - 269
فَقُلْ إِنِّي بَرِيءٌ مِمَّا تَعْمَلُونَ ﴾ ’’(اے نبی!) آپ اللہ کے ساتھ کسی اور معبود کو مت پکاریں ورنہ آپ عذاب پانے والوں میں شامل ہوں گے اور آپ اپنے رشتہ داروں کو ڈرائیں۔ اور جو مومنوں میں سے آپ(صلی اللہ علیہ وسلم)کا اتباع کریں، ان کے لیے اپنے (مشفقانہ) بازو جھکائے رکھیں۔ پھر اگر وہ آپ کی نافرمانی کریں تو کہہ دیجیے:بلاشبہ تم جو کچھ کر رہے ہو، میں اس سے بری ہوں۔‘‘ [1] مصعب نے پوچھا: اے جبیر! ان کا مطلب کیا ہے؟ جبیر نے کہا: کعبہ کے رب کی قسم اے مصعب! جو کچھ انھوں نے کہا ہے، میری سمجھ میں نہیں آیا لیکن حق بات یہ ہے کہ یہ کلمات میرے دل میں اُتر گئے ہیں۔ مصعب بھی انھی کلمات کو دہرانے لگے اور انھیں دہراتے ہوئے ہی رات کے آخری پہر اپنے گھر واپس آئے۔ ان کی ماں نے ان کے سامنے کھانا رکھا تو انھوں نے کھانے سے اعراض کیا۔ ماں نے کہا: مصعب(رضی اللہ عنہ )! تجھے کیا ہو گیا؟ شاید تواپنے خداؤں کے پاس جانے کی عادت بھول گیا ہے تا کہ تجھے برکت حاصل ہو اور تجھ سے خشکی اور فضا کے موذی جانور دور رہیں۔ مصعب نے کہا:اماں جان! ایسی کوئی بات نہیں۔ بس میں اپنے بستر پر آرام کرنا چاہتا ہوں۔ مصعب(رضی اللہ عنہ ) نے ابھی آنکھ بھی بند نہیں کی تھی کہ جبیر(رضی اللہ عنہ ) کی بات ان کے کانوں میں گونجنے لگی۔ اس آواز نے انھیں گھیر لیا اور ان کی نیند کے درمیان حائل ہو گئی۔
Flag Counter