Maktaba Wahhabi

120 - 269
ان پر بڑی بڑی چادریں ڈال دیں جنھیں چاروں طرف سے جنگجو سپاہیوں نے گھیرا ہوا تھا۔ جب ہاتھیوں نے یہ خوفناک چیزیں دیکھیں تو ڈر کر پیچھے بھاگے اور اہلِ فارس ہی کی صفوں کو روندتے چلے گئے۔ رومی فوج کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی، لہٰذا مسلمان گھڑسوار بھی ان ہاتھیوں کے پیچھے اہلِ فارس کی صفوں میں گھس گئے۔ دوسری جانب ایک آواز تھی جو معرکے میں ہدایات جاری کر رہی تھی اور مسلمانوں کے دلوں کو گرما رہی تھی۔ یہ سیدنا سعد رضی اللہ عنہ کی آواز تھی: ’’اے قعقاع! آگے بڑھو۔ اے ابن عامر! میمنہ کی طرف رہو۔ اے مغیرہ! ان گھڑ سواروں کو پیچھے دھکیلو۔ اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھیو! اے اہلِ بدر! اے جنگِ یمامہ میں حصہ لینے والو! آگے بڑھو۔ اللہ تمھارے ساتھ ہے اور تمھارا مدد گار ہے۔ ‘‘ سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے اپنی ہتھیلیاں اللہ تعالیٰ کے سامنے پھیلا دیں۔ ’’اے اللہ! مدد کر جس کا تو نے وعدہ کیا ہے۔ اے اللہ! ہمیں ان پر غلبہ عطا فرما، اپنی طرف سے ہماری مدد فرما۔‘‘ پھر اہلِ بدر اور قادسیہ والے آگے بڑھے، ناپاک مشرکوں کو ختم کرنے لگے۔ وہ زمین کو آگ کے پجاریوں اور بت پرستوں سے پاک کر رہے تھے۔ اچانک ایک آواز بلند ہوئی اور ’’اللہ اکبر‘‘ کی گونج پورے میدان میں پھیل گئی۔
Flag Counter