Maktaba Wahhabi

36 - 111
65. مچھلی وغیرہ کا سمندری شکار کرنا اور اس کا گوشت کھانا جائز ہے۔(سورۃالمائدۃ:۹۶) 66. بلا قصد واِرادہ عورت سے چھوجانے میں کوئی مؤاخذہ نہیں ۔(الفتح الربانی ۱۱/۲۳۶)البتہ شہوت کے ساتھ چھونا اور بوس و کنار کرنا حرام ہے جس کی تفصیل محرمات ِ احرام میں گزری ہے۔ 67. موذی جانوروں ،سیاہ و سفید کوے،چیل،بچھو،چوہے اور کاٹنے والے پاگل کتے کو (احرام کی حالت اور حرم میں بھی) مارنا جائزہے۔(بخاری:۱۸۳۶)شیر،چیتا،بھیڑیابھی مارسکتے ہیں ۔ ( دیکھئے فتح الباری ۴/۳۶تا۳۹) عام گھریلو کالا کوا اس حکم سے خارج ہے۔( فتح الباری ۴/۳۸،فقہ السنہ ۱/۶۷۱) مکھی،مچھر،کھٹمل،چیچڑی،چیونٹی اور جوئیں نکال کر پھینک سکتا ہے اور مار دے تو بھی کوئی حرج نہیں ،البتہ مارنے سے پھینکنا اچھا ہے۔(المحلّی ابن حزم ۷/۲۴۵، فتاویٰ ابن تیمیہ ۲۶/۱۱۸،فقہ السنہ ۱/۶۷۰) 68. اِحرام کی حالت میں سر کا ڈھانپنا تو منع ہے،جیسا کہ محرمات میں ذکر ہوا ہے،البتہ منہ ڈھانپ سکتے ہیں ۔(فتح الباری ۴/۵۴،۵۵،شرح مسلم نووی ۸/۱۲۶تا۱۲۹،فقہ السنہ ۱/۶۶۶) 69. پَچھنے اور سینگی لگوانا یا فصد کروانا جائز ہے۔(بخاری :۱۸۳۵) سر یا جسم کے کسی حصے کو احتیاط کے ساتھ خراش سکتا ہے۔(موطأ مالک:۱/۳۸۵) اس کے باوجود اگر کوئی بال گر جاتا ہے تو کوئی حرج نہیں ۔ (مجموعہ رسائل کبریٰ ابن تیمیہ ۲/۳۶۸ بحوالہ حجۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم للالبانی ص۲۷) 70. بیلٹ،گھڑی،عینک لگانا،پرس باندھنا اور آئینہ دیکھنا، چادر کو گرہ لگانا،عورت کا کوئی بھی زیورپہننا اور مرد کا چاندی کی انگوٹھی پہن لینا جائز ہے۔ (فقہ السنہ ۱/۶۶۸) 71. پھول یا کسی بوٹی کی خوشبو سونگھنا،دانت داڑھ نکلوانا،مرہم پٹی کروانا،ٹوٹے ہوئے ناخن کو اُتار کر پھینکنا قابل مؤاخذہ نہیں ہے۔(بخاری،مؤطامالک،بیہقی، محلّیٰ نیز دیکھئے فقہ السنہ ۱/۶۶۷) بوقت ِضرورت سر پر کچھ اُٹھا لینے سے سر ڈھک جائے تو کوئی حرج نہیں ۔ (فقہ السنہ ۱/۶۶۶) آدابِ دخول مکہ و مسجد ِحرم 72. ممکن ہو تو دخولِ مکہ سے قبل کہیں غسل کریں ،دن کو شہرمکہ میں داخل ہوں ،اس دن سے پہلی رات مقامِ ذی طویٰ(آبار ِ زاہد)پر گزاریں۔(بخاری:۱۵۵۳،۱۵۷۳)مکہ میں بالائی جانب (ثنیہ کداء یا ثنیہ علیائ)سے داخل ہوں اور مکہ کی زیریں جانب سے نکلیں ۔
Flag Counter