رپورتاژ اعجاز حسن/اسلم صدیق جامعۃ لاہور الاسلامیۃ (رحمانیہ) میں سعودی وپاکستانی طلبہ کی تربیتی ورکشاپ گذشتہ دنوں جامعہ لاہور الاسلامیہ نے سعودی عرب کے فلاحی اِدارے ’شیخ سلیمان راجحی ویلفیئر فاؤنڈیشن‘ کے تعاون سے سعودی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ اور پاکستانی جامعات کے طلبہ کے لئے ایک ہفت روزہ علمی اور تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جس کامقصد یہ تھا کہ دینی طلبا کی فکری تربیت اس نہج پر کی جائے کہ وہ دورِ حاضر میں عالم اسلام کو در پیش چیلنجز کا جائزہ لے کر ان سے عہدہ بر آ ہو سکیں اور ان اعتراضات سے انہیں متعارف کرایا جائے جو اسلام کو عالمی سطح پر درپیش ہیں ۔ اس کے لیے دینی اور عصری علوم کے ماہر علماء کرام، پروفیسرز اورسکالرز کو محاضرات کی دعوت دی گئی۔ محاضرات کے علاوہ اہم موضوعات پر سیمینار اورسمپوزیم کا اہتمام بھی کیا گیا ۔یہ ورکشاپ مدیر جامعہ لاہور الاسلامیہ کی خصوصی نگرانی کے تحت منعقد ہوئی؛ جس کی نظامت کے فرائض حافظ محمد انور نے انجام دیے جو جامعہ الامام محمد بن سعود الاسلامیہ میں پی ایچ ڈی کے طالبعلم ہیں ۔ تقریب ِافتتاح (ہمدردسنٹر، لاہور … ۱۳/جولائی ۲۰۰۲ء ) اس اہم علمی اور تربیتی ورکشاپ کے با ضابطہ افتتاح اور تعارف کے لیے ۱۳/جولائی ۲۰۰۲ء کو ہمدرد سنٹر، لاہور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مہمانِ خصوصی عزت مآب قائم مقام سفیر خادم الحرمین الشریفین(سعودی عرب)، شیخ الحدیث حافظ ثناء اللہ مدنی، ڈاکٹر راشد رندھاوا ، ظفر علی راجا ایڈووکیٹ، محمد اسماعیل قریشی ایڈووکیٹ ، قاضی حسن معز الدین (حفید قاضی سلیمان منصور پوری رحمۃ اللہ علیہ )، مولانا عبد الصمد رفیقی (شیخ الحدیث جامعہ تدریس القرآن للبنات، واربرٹن)، پروفیسر حافظ عاکف سعید، شیخ عبد الربّ (مدیر ادارۃ بناء المساجد والمشاریع الخیریہ) کے علاوہ جامعہ لاہور الاسلامیہ کے کلیہ الشریعہ کے پرنسپل مولانا محمدشفیق مدنی، پرنسپل کلیہ القرآن قاری محمد ابراہیم میر محمدی، مدیر مجلس التحقیق الاسلامی مولانا عبد السلام فتح پوری، مدیر المعہد العالی للدعوۃ والاعلام مولانا رمضان سلفی اور مدیر ماہنامہ محدث حافظ حسن مدنی شریک ہوئے۔علاوہ ازیں کئی اہم دینی شخصیات اور مختلف جامعات کے ممتاز طلبا کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور ہمدرد سنٹر کا وسیع ہال تنگ دامانی کی شکایت کرنے لگا۔ شام ۳۰:۶ بجے تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری محمد ابراہیم میرمحمدی کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ قاری صاحب نے روایت ِورش میں سورۂ ابراہیم کی آیاتِ مبارکہ کی تلاوت کی۔ان کی پر سوز آواز سے عجب سماں پیدا ہوگیا ۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پرنسپل کلیہ الشریعہ مولانا محمد شفیق مدنی نے انجام دیے۔ 1۔ خطبہ استقبالیہ کیلئے تربیتی ورکشاپ کے ناظم ڈاکٹر حافظ محمد انور کو دعوت دی گئی۔ انہوں نے عربی زبان میں مہمانانِ گرامی اور تمام حاضرین کو خوش آمدید اور تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے بعد اس |