(۳) بسم اللہ الرحمن الرحیم بنام: مکرمی مولانا عبد الغفار حسن رحمانی :جامعہ فتحیہ، کوارٹر نمبر۱، اچھرہ، لاہور عبیداللہ رحمانی ازمبارک پور مکرمی! زید فضلکم وشرفکم السلام علیکم ورحمۃ اللہ برکاتہ! اُمید ہے مرسلہ کارڈ ملا ہوگا اور آپ بخیروعافیت ہوں گے۔ پرسوں ۲۴/ رمضان مطابق ۲۵ /اپریل ۱۹۵۷ء کو مجموعۂ احادیث یعنی کتاب انتخابِ حدیث من جانب محمد بشیر صاحب موتی بازار مالیرکوٹلہ موصول ہوئی۔ ظاہر ی شکل و صورت دیکھ کر طبیعت کو خوشی ہوئی۔ یہ کارڈ کتاب کی صرف رسید ہے، مطالعہ شروع کردیا ہے۔ ان شاء اللہ آئندہ اپنے تاثر سے آپ کو آگاہ کروں گا ۔ ویسے ہر ایسی مخلصانہ خدمت ِعلم حدیث لائق صد تحسین و تبریک ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کو قبول فرمائے اور اس سے زیادہ کی توفیق بخشے۔ آمین! معلوم ہوا ہے کہ المنبر نے اسلامی دستور نمبر بھی شائع کیا ہے۔ اس کی جملہ اسلامی خدمات و دینی مساعی بہت زیادہ قابل قدر ہیں ۔ وفّقہ اللّٰه لأزْیَدَ مِن ذلک والسلام عبیداللہ رحمانی،شنبہ ۲۶ /رمضان ۱۳۷۶ء/ ۱۹۵۷ء (۴) بسم اللہ الرحمن الرحیم بنام : مکرمی مولانا عبد الغفار حسن رحمانی ۵/جناح کالونی۔لائل پور ، مغربی پاکستان عبیداللہ رحمانی از مبارک پور عزیز مکرم و محترم! کثّر اللّٰہ فینا أمثالکم السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ! ۱۲ /مئی کا مرسلہ کارڈ ۱۶ کوہمدست ہوا۔ خیروعافیت پر اطلاع پاکربڑی مسرت ہوئی۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے میں بھی بخیریت ہوں ۔اس سے پہلے عرصہ ہوا،آپ کا ایک لفافہ آیا تھا۔ اختلاف کی وجوہ کی ناکافی تفصیل پڑھ کر تعجب ہوا تھا اور طبیعت عرصہ تک متاثر رہی تھی۔ اطمینان سے جواب لکھنے کا ارادہ تھا مگر افسوس کہ ا س سے پہلے اس کی نوبت نہیں آسکی۔ تسوید ِشرحِ مشکوٰۃ کا سلسلہ جاری ہے لیکن بڑی سست رفتاری کے ساتھ۔ تیسری جلد کی طباعت شروع ہوچکی ہے اورپہلی جلد کا اعلان الاعتصام کے تازہ پرچے میں آگیا ہے۔ غالباً اس کارڈ کے پہنچنے تک بائنڈنگ کا مرحلہ بھی ختم ہوجائے گا۔ مسئولہ روایات کے متعلق زیادہ کاوش اور تتبع کاموقع نہیں مل سکا : |