Maktaba Wahhabi

39 - 70
مولانا نذیر احمدصاحب بنارس میں بخیریت ہیں ۔وہاں امین صاحب مکان پر آئے ہوئے ہیں اور جلدی واپس مالیر کوٹلہ ہوں گے۔ عبیداللہ رحمانی ۷/اگست ۱۹۵۲ء (۲) بسم اللہ الرحمن الرحیم بنام مولانا عبد الغفار حسن رحمانی عبیداللہ رحمانی از مبارک پور مکرمی و محترم جناب مولوی صاحب زید علمکم السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ! الحمدللہ! یوں بخیریت ہوں ، لیکن معدہ اور آنتوں کی کمزوری کی وجہ سے جسمانی لاغری اور دماغی کمزوری بڑھتی ہی جارہی ہے۔ بسا اوقات یہ خیال ہوتا ہے کہ اب زندگی کے اَیام بہت تھوڑے رہ گئے ہیں ۔ آپ جیسے مخلِصین کی دعا کی بڑی ضرورت ہے۔ دہلی سے واپسی کے بعد معلوم ہواکہ آپ ان دنوں مالیر کوٹلہ میں موجود تھے۔ملاقات سے محرومی پر بڑا افسوس ہوا۔ مولانا نذیر احمد صاحب بنارس میں ہیں اور بعافیت ہیں ، الحمدللہ ان کی صحت اچھی ہے۔ 1. شرح مشکوٰۃ ’کتاب الزکوٰۃ‘ ہورہی ہے۔ مولانا عطاء اللہ حنیف نے لکھا ہے کہ …۱۹۷۴ء کے پس و پیش اس کی کتابت شروع کراسکیں گے۔ خدا کرے میری زندگی میں طبع ہوجائے اور شرفِ قبول حاصل کرے۔ 2. بلاشبہ دورانِ تعلیم حضرت مولانا مبارکپوری رحمۃ اللہ علیہ سے اِجازہ حاصل کرنے کا بڑا اچھا موقع تھا۔ میرے خیال میں ترمذی کا امتحانِ محض، جامع ترمذی میں ان کو اپنا استاذ یا شیخ کہنے کے لئے کافی نہیں ہے لیکن اس امتحان کے ساتھ عام مذاکرہ، علمی صحبت اور استفادہ کی وجہ سے آپ ان کو اپنا شیخ کہہ سکتے ہیں ۔ 3.یتیم پوتے سے متعلق نعیم صدیقی صاحب کا مضمون اب تک نظر سے نہیں گزر سکا۔ ’ترجمان القرآن‘ ادھر سرائے میر سے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے اور وہاں پہنچنے کا موقع نہیں مل سکا۔ 4.اُصولِ حدیث کے سلسلے میں کتب ِذیل کا مطالعہ مفید ہوگا: توجیہ النظر للجزائری، شرح ألفیۃ الحدیث للسخاوي، تدریب الراوي للسیوطی، مقدمۃ فتح الملہم۔ 5.رضاعت کی صورت مذکورہ میں خالد کی لڑکی فاطمہ کا نکاح زیدکے ساتھ باتفاقِ ائمہ اربعہ ناجائز ہے۔ یہ سوال مع تفصیلی جواب کے ’مصباح‘ بابت ماہ جنوری ۱۹۵۵ء میں شائع ہوگیا ہے۔ منگوا کر ضرور ملاحظہ کریں ۔ ان شاء اللہ پوری تشفی ہوجائے گی۔ ’مصباح‘ آپ کے نام جاری ہے۔
Flag Counter