حامل ہے کہ اس میں مساجد کی تاریخ، شرعی حیثیت اور آداب کو واضح کیا گیا ہے۔ چھٹا باب اوقاتِ نماز اور ساتواں باب اذان کی تفصیلات پر مشتمل ہے۔ آٹھواں باب صف بندی کے موضوع کو لئے ہوئے ۔ نواں باب امامت، نماز باجماعت کے عنوان پر ہے جس میں عورت کی امامت جیسے نازک فقہی مسئلہ پر مستند شرعی نقطہ نظر پیش کیا گیا ہے۔دسواں باب ’سترہ‘ کے لئے خاص جبکہ گیارہویں باب میں مختلف نمازوں کی رکعات پر سیر حاصل بحث موجود ہے جو نماز تراویح، عیدین، وتر، اشراق جیسی نمازوں کا احاطہ کئے ہوئے ہے۔ جبکہ بارہواں اور آخری باب مسنون طریقہ نماز پر مشتمل ہے، جو نمازاو رکتاب کی جان قرار دیا جاسکتا ہے۔ اس باب میں بہت سارے مسائل پر فاضل مصنف نے تفصیل سے قلم اٹھایا ہے جو انکے وسیع مطالعہ کی دلیل ہے۔ عورتوں کے طریقہ نماز پر بھی ایک مستقل بحث اس باب میں شامل کی گئی ہے۔ فنی اعتبار سے بھی یہ کتاب ایک منفرد حیثیت رکھتی ہے کہ کتاب کی اجمالی فہرست کے ساتھ ساتھ تفصیلی فہرست بھی دی گئی ہے اور ہرباب کو ایک نئے صفحہ سے شروع کرتے ہوئے ذوق جمال کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ ہر ’باب‘ بسم اللہ سے شروع ہوتاہے جس کے اگلے صفحہ پر باب نمبر، اور عنوان باب کے نیچے اس باب کے متعلقہ قرآنی آیت، حدیث ِنبوی یا پھر شعر درج کیا گیا ہے۔ خصوصیت سے کتاب کے آخری باب ’مسنون طریقہ نماز‘ میں نما زکی ان تمام حالتوں کو تصویری خاکوں سے واضح کیا گیا ہے جہاں عام طور پر قاری اُلجھن کا شکار ہوسکتا ہے اور منقولات کے ساتھ معقولات کا بھی ایک درجہ تک اہتمام کیا گیاہے۔ کتاب کے آخر میں اسماء حسنیٰ کے فضائل، اسماء حسنیٰ کا معانی کے ساتھ خانوں میں اندراج، دعاے قنوت اور قنوت پڑھنے کا طریقہ، بارگاہِ ایزدی میں التجائیہ دعا اور نظم ”سرجھکا اے بے نماز!“ کے علاوہ یادشتوں کے لئے مخصوص صفحہ سے کتاب کے اشاعتی حسن کو چار چاند لگ جاتے ہیں ۔ ”صلوٰة النبی کے حسین مناظر“ میں برمحل شعروں سے بھی کام لیا گیا ہے ، اور واقعات سے بھی چاشنی پیدا کی گئی۔ اعلیٰ کاغذ، نفیس پرنٹنگ، فورکلر ٹائٹل اور مضبوط جلد سے کتاب کا گیٹ اپ خوبصورت ہوجاتا ہے۔اس کتاب پرجامعةالاحسان الاسلامیہ، کراچی کے شیخ الحدیث حضرت عبدالرزاق حفظہ اللہ نے مہر تصدیق و توثیق ثبت کی ہے، جبکہ دیباچہ پروفیسر عبدالجبار شاکر نے تحریر فرمایا ہے۔ جن کے بقول ”یہ کتاب نماز مسنونہ کا انسائیکلو پیڈیا ہے اور عامة المسلمین کے لئے ہدایت کا ذریعہ ہے۔“ یہ کتاب اس اہمیت کی حامل ہے کہ اسے اپنی لائبریری کے لئے ضرور حاصل کیا جائے، ان شاء اللہ ’صلوٰة النبی کے حسین مناظر‘ آپ کے بک شیلف کے لئے خوبصورت اضافہ ہوگی۔ اور یقینا آپ صلوا کما رأيتمونی أصلی کے منظر دیکھنے پر قادر ہوں گے۔ (مبصر: عبدالشکور ظہیر) |