Maktaba Wahhabi

71 - 71
5.معراج المومنین (کتاب الصلوٰة) از اشفاق الرحمن خان صفحات۱۷۷ … اکتوبر ۲۰۰۰ء توحید کے بعد اسلام کا سب سے اہم اور عظیم الشان رکن نماز ہے اور نماز موٴمن کی معراج ہے۔ لیکن وہ نماز ہی حقیقی معنوں میں موٴمن کے لئے معراج ثابت ہوگی جو صلوا کما رأیتمونی أصلی کی عملی تصویر ہوگی، وگرنہ یہی نماز روزِ قیامت انسان کے منہ پر مار دی جائے گی۔ روایت ہے کہ حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ نے ایک شخص کو نما زپڑھتے ہوئے دیکھا تو پوچھا کب سے یہ نماز پڑھ رہے ہو؟ اس نے کہا: چالیس سال سے، فرمایا: ”ما صليت لومُتَّ لمُتَّ علی غير أمة محمد صلی اللَّہ علیہ وسلم ”تیری نماز نہیں ہوئی، اگر تو اسی پر فوت ہوگیا تو تیری موت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے دین پر نہیں ہوگی۔“ زیرتبصرہ کتاب نمازکے موضوع پر ہے جسے جناب اشفاق الرحمن خان نے مرتب کیا ہے۔ فاضل موٴلف اپنے دل میں دین کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں اوران کی یہ کتاب نماز کے موضوع پر ایک بہترین کاوش ہے جس میں فاضل مصنف نے نمازاور اس کے متعلقہ طہارت، غسل وغیرہ تمام مسائل کو نہایت ہی عمدہ ترتیب کے ساتھ جمع کردیا ہے۔ زبان سلیس اور اسلوبِ تفہیم سادہ اور سہل ہے۔ مصنف نے اختلافی مباحث سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اور اپنی ذاتی رائے بیا ن کرنے کی بجائے ہر مسئلہ کے تحت اس سے متعلقہ صحیح احادیث کے ذکر پراکتفا کیا ہے، تاکہ قاری خود فیصلہ کرے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ؟ اکثر بخاری اور مسلم کی احادیث سے استدلال کیا گیا ہے۔ احادیث کا ترجمہ سلیس اور عام فہم ہے، اگرچہ بعض جگہ ابہام کی شکایت محسوس ہوتی ہے۔بعض مقامات پر حدیث سے مستنبط مسائل کو نہایت خوبی سے بیان کیا گیا ہے اور تقریباً نماز کے متعلقہ تمام مسائل کو اجاگر کرکے زیورِ احادیث سے آراستہ کردیا ہے۔ فاضل مصنف کو چاہئے تھا کہ وہ پہلے کتاب کو ابواب پر تقسیم کرتے، پھرہر باب کے متعلقہ مسائل اس کے تحت ذیلی ترتیب سے رقم کرتے تاکہ قاری کے لئے مزید آسانی پیدا ہوتی۔ مصنف نے کتاب کو ۶۹ عنوانات پرتقسیم کیا ہے۔ بہرحال عنوانات کی ترتیب نہایت عمدہ ہے۔ سب سے پہلے احادیث اور اقوال ائمہ اربعہ سے یہ ثابت کیا ہے کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم ہی مطاعِ حقیقی ہیں اور رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلے میں کسی کی بات حجت نہیں ہوسکتی۔اس کے بعد قرآن مجید سے نما زِپنجگانہ کا ثبوت ذکر کیا ہے۔ پھر پانی کے احکام اور مسائل طہارت (وضو ،غسل تیمم) کاتذکرہ ہے۔ اس کے بعد نما زکی اہمیت، اوقات، اذان کی تفصیلات کا ذکر ہے۔ پھر مسجدکے آداب و مسائل کا تذکرہ ہے۔ پھر نمازِ پنجگانہ کی جماعت کی فضیلت اور اس سے متعلقہ احکام تعداد رکعات، شرائط ِنماز اور نماز کی ترکیب کو نہایت تفصیل سے بیان کیا ہے۔ اس سے پہلے سترہ کے احکام بیان کئے ہیں ۔
Flag Counter