Maktaba Wahhabi

68 - 71
’بلوغ المرام‘ لکھی۔ اسی سلسلہ کی ایک کتاب ’عمدة الاحکام عن سیدالاحکام‘ جس کے مصنف امام تقی الدین عبدالغنی ہیں ۔ جو ایک جلیل القدر محدث، عظیم فقیہ اور زہد و تقویٰ میں یکتائے روز گار تھے۔ ابن رجب حنبلی رحمۃ اللہ علیہ اورمتعد د جلیل القدر علما نے ان کے متعلق تعریفی کلمات ذکر کئے ہیں اور خود انہیں امیرالمومنین فی الحدیث کا خطاب دیا ہے۔ان کا شمار ان لوگوں میں ہوتاہے جو منکرات کے خلاف ، ہاتھ ، زبان اور دل سے جہاد کرکے خدمت دین کا فریضہ انجام دیتے ہیں اور کسی ملامت کرنے والے کی ملامت انہیں اپنے مشن سے برگشتہ نہیں کرسکی۔ امام احیاء ِسنت کا جذبہ صادقہ رکھتے تھے ۔ انہوں نے چالیس سے زائد کتب تحریر کیں ۔ زیر نظر کتاب عمدة الاحکام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ اس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں مصنف نے صرف صحیح بخاری اور صحیح مسلم کی احکام سے متعلقہ احادیث کو فقہی ترتیب سے جمع کردیا ہے تاکہ قاری ان احادیث کو پڑھتے ہوئے کسی قسم کے شک و شبہ کا شکار نہ ہو۔ اس کتاب کی مقبولیت کا اندازہ اس سے بخوبی لگایاجاسکتا کہ یہ اکثردینی مدارس میں شامل نصاب ہے اور اب تک اس کی نصف درجن سے زائد شروحات و حواشی لکھی جاچکی ہیں ۔ جن میں ابن دقیق العید کی کتاب ’احکام الاحکام شرح عمدة الاحکام‘ اور شیخ عبداللہ بن عبدالرحمن آلِ بسام کی کتاب ’تیسیر العلام شرح عمدة الاحکام‘ قابل ذکر ہیں ۔ یہ کتاب چونکہ عربی میں ہے اور اس کی شروحات بھی عربی میں ہیں ۔ اس لئے عرصہ سے عمدة الاحکام کے ایسے ترجمہ جو عام فہم ہو، زبان سادہ اور اس کے ساتھ ضروری تشریح و توضیح ہو، کی ضرورت بڑی شدت سے محسوس کی جارہی تھی۔ اللہ جزائے خیر دے مولانا محمود احمد غضنفر کو جنہوں نے سلیس اسلوب میں اس کا ترجمہ اور ضروری تشریحات سے اس ضرورت کو کافی حد تک پورا کردیا ہے۔ کتاب کی نمایاں خوبی یہ ہے کہ شستہ اور دلآویز زبان میں سب سے پہلے معنی الحدیث کے عنوان سے حدیث کا ترجمہ کیا ہے۔ پھر مفردات الحدیث کے عنوان سے مشکل الفاظ کے معنی، پھر خلاصہ کے طور پر حدیث کا مفہوم۔ پھر اس سے مستنبط مسائل کو الگ الگ عنوانات کے تحت جمع کرکے لغت ِعرب سے نابلد حضرات کے لئے استفادہ کا سامان کردیا ہے۔ مولانا نے اس تالیف میں خوب دادِتحقیق دی ہے۔ آپ کی بہت سی دیگر تالیفات بھی خوب مقبول ہیں ۔ ان کے جس شگفتہ اسلوبِ بیان اور شستہ دلآویز زبان کی طرف اشارہ کیا گیا ہے، اس کا ثبوت ان کی کتب جرنیل صحابہ رضی اللہ عنہم ، حیاتِ صحابہ رضی اللہ عنہم کے درخشاں پہلو، حیاتِ تابعین رحمۃ اللہ علیہ کے درخشاں پہلو، صحابیاتِ مبشرات وغیرہ بھی فراہم کرتی ہیں ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی اس خدمت ِدین کو شرفِ قبولیت سے نوازے اور اسے ان کے لئے آخرت کا زادِ راہ بنائے۔
Flag Counter