Maktaba Wahhabi

37 - 71
جاتا رہا ہے۔ بخاری باب الکہانةمیں ہے کہ لوگوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ ”کاہنوں کی باتوں کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ فرمایا: ”ان کی باتیں محض لغو ہیں “ لوگوں نے کہا: یارسول الله صلی اللہ علیہ وسلم ! کبھی تو ان کی بات سچ نکلتی ہے۔ آپ نے فرمایا: ”ہاں ! یہ بات وہ ہوتی ہے جو کاہن شیطان سے اڑا لیتا ہے اور یہ شیطان یا جن ملأِ اعلیٰ سے، پھر وہ اپنے ولی کے دوست کے کان میں پھونک دیتا ہے تو یہ لوگ اس میں جھوٹ ملالیتے ہیں ۔“ (بخاری، باب الکہانہ) اس مضمون کو قرآن نے مختصراً یوں بیان فرمایا ہے : ﴿وَحَفِظْنَاهُ مِنْ کُلِّ شَيْطَانٍ مَّارِدٍ لاَّ يَسْمَعُوْنَ إلَی الْمَلإ الأعْلٰی وَيُقْذَفُوْنَ مِنْ کُلِّ جَانِبٍ دُحُوْرًا وَلَهُمْ عَذَابٌ وَاصِبٌ إلاَّ مَنْ خَطِفَ الْخَطْفَةَ فَأتْبَعَهُ شِهَابٌ ثَاقِبٌ﴾ ”اور (ہم نے آسمانِ دنیا کو) ہرشیطانِ سرکش سے محفوظ کردیا ہے۔یہ شیاطین ملأ اعلیٰ کی باتیں سن نہیں سکتے۔ ہر طرف سے مارے اور ہانکے جاتے ہیں اور ان کے لئے پیہم عذاب ہے۔ تاہم ان میں سے اگر کوئی کچھ لے اُڑے تو ایک تیز انگارہ اس کا پیچھا کرتا ہے۔“(الصافات:۷ تا۱۰) کاہنوں کے پاس لوگ گم شدہ چیزوں کا پتہ لگانے اور اگلے پچھلے حال دریافت کرنے کے لئے رجوع کرتے تھے۔ جس کا مطلب یہ ہواکہ جو علوم اور پیشے ایسے ہی احوال سے وابستہ ہوں ، وہ ناجائز ہیں ۔ اور حدیث میں کاہن کی کمائی کو حرام قرار دیا گیا ہے: عن أبی مسعود الانصاری أن رسول اللَّه صلی اللَّہ علیہ وسلم نهي عن ثمن الکلب ومهر البغی وحلوان الکاهن (بخاری: کتاب البیوع، باب ثمن الکلب) ”ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے کتوں کی خریدوفروخت، فاحشہ کی کمائی اور کاہن کی کمائی سے منع فرمایا ہے۔“ بخاری میں ایک اور حدیث بروایت ِحضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا یو ں ہے کہ ” حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کا ایک غلام تھا جو خراج ادا کرتا تھا اور آپ اس خراج سے کھا لیتے تھے۔ ایک دن وہ غلام کچھ لے کر آیا تو آپ نے اس سے کچھ کھا لیا۔ غلام نے کہا: آپ جانتے ہیں ،یہ کیا ہے؟ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے پوچھا: یہ کیا؟ کہنے لگا: میں جاہلیت میں کہانت کرتا تھا۔ حالانکہ میں اچھی طرح جانتا بھی نہ تھا اور دھوکے سے کام چلاتا تھا۔ سو کسی نے مجھے اب اس کی اُجرت دی اور وہی اب آپ نے کھائی ہے۔ یہ سن کر حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے قے کردی اور پیٹ میں جو کچھ تھا، سب نکال دیا۔“ (مشکوٰة: کتاب البیوع، بحوالہ بخاری) عقیدہٴ توحید کی مشکلات یہ تو آپ کو معلوم ہے کہ جب بھی کوئی نبی یا رسول آیا، اس کی مخالفت ہی کی گئی ہے اور اسے ساحر،
Flag Counter