شاہی مسجد لاہور میں ایک صاحب بڑی محنت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے سونے کے تاروں سے قرآن مجید لکھنا شروع کیا بلکہ ختم کرلیا ہے۔ اب لوگ اس کی زیارت کے لئے آتے ہیں گویا یہ بڑا کمال ہے۔ اب قرآن مجید سونے کے تاروں سے لکھا جارہا ہے۔ حالانکہ سوال یہ ہے کہ آپ قرآن مجید پڑھنے کا اور اس کو سمجھنے اور سمجھانے کا ایسا طریقہ اختیار کیجئے کہ جس سے دل کے تار ہل جائیں ﴿يٰاَيُّهَا النَّاسُ قَدْ جَاءَ تْکُمْ مَوْعِظَةٌ مِنْ رَبِّکُمْ وَشِفَآءٌ لِّمَا فِیْ الصُّدُوْرِ﴾ (یونس: ۵۷) ”یہ تمہارے ربّ کی طرف سے نصیحت ہے اور سینوں میں جو روگ ہیں ، ان کے لئے شفا ہے۔‘‘ قرآن مجید تبرک کے لئے ایک کتا ب ہے : ویسے آج کل ایک اوربیماری ہے ۔ وہ یہ کہ آج کل تعویذ گنڈے بہت چل رہے ہیں ۔ بہت سی کتابیں لکھ دی گئی ہیں ۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ قرآن مجید نزلہ، زکام، کھانسی، بخار کے علاج کے لئے ہے۔ عورت کے بچہ ہونے والا ہے تو فال کھولی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایسا کرو، ویسا کرو۔ گویا کہ یہ ہمارے حکیم وڈاکٹر سب بیکار ہوگئے اور لوگ یہ سمجھنے لگے ہیں کہ قرآن مجید بس اسی مقصد کے لئے نازل ہوا تھا۔ اس کی مثال ایسی ہے کہ توپ تو بنی تھی دشمنوں کو مارنے کے لئے لیکن ہم اس سے مچھر مکھی ماررہے ہیں ۔ مچھر اور مکھی اس سے مر تو جائیں گے لیکن توپ اس لئے بنائی نہیں گئی۔ قرآن مجید کی آیتوں کے نقش بنائے جاتے ہیں اور لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم بڑا کام کر رہے ہیں ۔ حالانکہ اس طرح یہ لوگ قرآن مجید سے مسلمانوں کو دور کر رہے ہیں ۔ ایک اور بڑا مسئلہ ہے، جس کا ہمارے ہاں عام رواج ہے۔ ممکن ہے بہت سے حضرات اس کو نامانوس محسوس کریں وہ ہے: قرآن خوانی۔قرآن دانی کی بجائے قرآن خوانی۔ قرآن خوانی کا رواج بہت ہے۔اگر کوئی مر جائے اور اس نے ساری عمر قرآن نہ پڑھا ہو، اور پڑھنے والے کو بھی قرآن پڑھنا نہ آتا ہو لیکن لوگ جمع ہوتے ہیں ۔تیجا چالیسواں کیا کچھ ہوتا ہے تاکہ قرآن مجید پڑھ کر مردے کو ثواب پہنچایا جائے۔ میں نے ایک صاحب سے کہا کہ قرآن مجید میں کتنی بار آیا ہے ﴿ أقِيْمُوا الصَّلٰوٰةَ﴾ نماز قائم کرنے پر تو عمل نہیں ہوتا لیکن آپ قرآن خوانی کر رہے ہیں ۔ قرآن خوانی کافی نہیں ہے، قرآن دانی ضروری ہے۔ لوگوں نے یہ سمجھا ہے کہ قبر میں جو دفن ہوگیا ہے قرآن مجید اس کے لئے اس کو بخشوانے کے لئے ہے اور بس، ہمارے لئے نہیں ہے۔ حالانکہ قرآن مجید سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ہمارے لئے ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ ہمارے دلوں میں جو روگ، اخلاقی بیماریاں ہیں اور روحانی امراض ہیں ، عقائد کی بیماریاں ہیں ، ان کو دور کرنے کے لئے قرآن مجید نازل ہوا ہے۔ یہ اخلاقی اور روحانی لحاظ سے جو چلتے پھرتے مردے نظر آرہے ہیں ، ان کا علاج قرآن میں ہے۔ جوقبر میں چلے گئے، ان کا معاملہ اللہ کے ہاں |