Maktaba Wahhabi

66 - 79
بس اسی نورِ نبوتِ مصطفی کی کرنوں سے مُستنیر ہو کر حافظ عبد القادر رحمۃ اللہ علیہ اعلیٰ مناظر ،حاضر جواب ادیب ، فقیہ ِدوراں اور انکساری وعاجزی کے بلند مقام پر بے مثل نظر آتے ہیں ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اب حافظ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے بلند کردار کی روشنی میں : 1۔ جامعہ قدس کو ایک عالمی ادرہ بنانے کے لیے جملہ مساعی ٔجمیلہ بروئے کار لائیں ۔ 2۔ ان کی تقاریر کو تحریری شکل دینے کے لیے باقاعدہ عملی منصوبہ بنائیں ۔ 3۔ کیسٹوں کو یکجا کر کے پاکستان کے علاوہ بیرونی ممالک کی مساجد میں بھجوانے کا بندوبست کریں کہ اس سے بھی عقیدہ وعمل کی اصلاح ہوگی ۔ 4۔ جامعہ قدس سے فارغ التحصیل ہونے والے علماء کوقرآنی آیات پر مبنی حافظ عبد القادرروپڑی رحمۃ اللہ علیہ شیلڈ دی جایا کرے ۔ 5۔ علم وعمل اور حلم کے حامل بلند کردار ژرف نگاہ تقریر وتحریر کے کامل نمونوں والے علماء تیار کر کے اصلاحِ احوال کے لیے معاشرے میں پھیلائے جائیں ۔ 6۔ ایسے علماء سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کتاب وسنت کا پرچار کرنے کے لیے آگے بڑھائے جائیں تا کہ جہالت کے اندھیرے چھٹ جائیں ۔ 7۔ روپڑی خانوادہ علم وفضل کے جملہ وارثانِ علم وعمل سال میں کم از کم ایک بار مل کر سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیں اور اپنا محاسبہ کرکے آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیں ۔ 8۔ خامیوں کو دور کرکے اصلاح احوال کے لیے اقدامات لازماً تیزی سے اٹھائیں ۔ 9۔ مجلہ محدث اور تنظیم اہلحدیث کے ذریعے حجیت ِحدیث کو نیر تاباں بنائیں کہ یہ حافظ صاحب مرحوم کا خاص موضوع تھا۔ 10۔ قرآن وسنت کی روشنی میں جہالت بلکہ کفروشرک، بدعت، نفاق،تعصب،عناد ،کینے ،اور دہشت کے خلاف جہاد کیا جائے ۔ تلک عشرۃ کاملہ آخر میں حافظ صاحب کے ساتھ ساتھ سیدنا جناب حافظ عبد اللہ محدث روپڑی رحمۃ اللہ علیہ ، جناب حافظ محمد حسین روپڑی رحمۃ اللہ علیہ اور جناب حافظ اسماعیل روپڑی رحمۃ اللہ علیہ بلکہ سب بزرگوں کے لیے بلندیٔ درجات کی دعاؤں کے ساتھ ساتھ صمیم قلب سے دعا ہے کہ اللہ کریم ہم سب پسماندگان کو ان کا جانشین بننے کا اہل بنائے ، یعنی جانشینی کا حق ادا کرنے کی توفیق بخشے ۔آمین! جس طرح وہ نوجوان خطباء کی تربیت اور سرپرستی فرماتے رہے۔اس طرح سر پرست بن جائیں تا کہ بعد میں خلا باقی نہ رہے ۔انہوں نے اونچا بول بولا، نہ اونچا بولنے دیتے۔علماء کے خلاف زبانِ طعن دراز کرتے نہ سنا ، کہ یہی درویشوں کی متاع، فقیروں کا توشہ او رآخرت کا سرمایہ ہے ۔ اللہ کریم اس مشن کی تکمیل کے سلسلے میں جناب حافظ عبد الرحمن مدنی ،حافظ حسن مدنی اور عارف سلمان روپڑی کی جملہ مساعی ٔجمیلہ کو شرفِ قبولیت بخشے اور ہمیں تعاون کی بیش از بیش توفیق دے۔ آمین!
Flag Counter