ڈاکٹر صادق تقوی (فارسی) تلخیص اردو: جناب منظور احسن عباسی شیعہ سنی اتحاد ایران کے بلند پایہ شیعہ عالم اور مفکر کی طرف سے چند تجاویز شیعہ سنی نزاع جتنا گہرا ہے، حقائق کے اعتبار سے اتنا ہی سطحی ہے، کیونکہ شیعہ دوستوں نے اپنے مزعومات کی بنیاد جن امور پر رکھی ہے وہ علمی کم، جذباتی زیادہ ہیں، اس لئے اگر حقیقت پسندی سے کام لیا جائے تو نزاع کی سطحی بھول بھلیوں سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ اس موضوع پر ایران کے ایک اہل علم شیعہ فاضل نے ایک رسالہ تحریر فرمایا ہے جو قابلِ مطالعہ ہے، جناب منظور احسن عباسی مدظلہ کو اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے کہ انہوں نے اردو میں اس کی تلخیص پیش کر کے ملی وحدت کے متلاشیوں کے لئے چند تجاویز مہیا فرمائی ہیں۔ جس کے لئے ادارہ موصوف کا شکر گزار ہے۔ (ادارہ) ملتِ اسلامیہ کے دو مشہور فرقوں ’سنی اور شیعہ‘ کے درمیان جو باہمی مناقشات ہیں ان کو دور کرنے کی ایک عام خواہش ہر فرد مسلم کے دل میں موجزن ہے۔ دونوں فرقوں کے زعماء نے اس کے لئے جو کوششیں کی ہیں ان میں تہران کے مشہور شیعہ عالم ڈاکٹر صادق تقوی کا ایک مختصر رسالہ موسومہ ’’موازین مذہب حقہ جعفری‘‘ جو چند سال پیشتر ایران سے شائع ہوا ہے راقم الحروف کے خیال میں نہایت قابلِ توجہ ہے۔ شیعہ سنی کا اختلاف: انہوں نے اس رسالے میں دونوں فرقوں کے درمیان اختلاف کا ذمہ دار صرف سنیوں کو نہیں بلکہ دونوں فرقوں کے علماء کو ٹھہرایا ہے۔ چنانچہ ان کی تحریر کا اگر بغور مطالعہ |