الاستفتاء عزیز زبیدی واربرٹن مجالس ذکر۔ اقسام گناہ۔ تکفیر اہلِ قبلہ۔ نرخ مقرر کرنا۔ خلقِ آدم علیٰ صورتہ۔ اس امید پر سودا کرنا کہ بازار سے لا کر دونگا ایک صاحب لکھتے ہیں کہ: ۱۔ مجالسِ ذکر: خصوصی مجالسِ ذکر جو کبھی اہل بدعت کے ہاں لگتی تھیں ، دیو بندی اور اہل حدیثوں میں بھی رواج پا رہی ہیں ، مولانا احمد علی لاہوری رحمۃ اللہ علیہ کی مسجد میں اور پروفیسر مولانا سید ابو بکر غزنوی کے مدرسہ میں ’’خاص رنگ‘‘ میں ذکر کی محفل لگتی ہے، کیا اس کا کوئی ثبوت ہے؟ ۲۔ اقسام گناہ: قرآن مجید میں سیئات عصیان، خطا اور ذنوب جیسے الفاظ ملتے ہیں ۔ ان سب کے معنی ایک ہیں یا الگ الگ؟ ۳۔ تکفیرِ اہلِ قبلہ: مرزائی کہتے ہیں کہ: بخاری میں حدیث ہے کہ: جو شخص ہمارے قبلہ کی طرف رُخ کر کے ہماری طرح نماز پڑھتا ہے اور ہمارا ذبح کیا ہوا کھاتا ہے، وہ مسلمان ہے تو ہمیں کیوں کافر کہتے ہو؟ کیونکہ ہم یہ سبھی کام کرتے ہیں ، کیا یہ حدیث ہے اگر ہے تو پھر مرزائیوں کو کیوں کافر کہا جاتا ہے؟ استفتاء نمبر ۲ ایک صاحب پوچھتے ہیں کہ: ۱۔ ہیر رانجھا کا جو قصہ مشہور ہے اس کی اصلیت کیا ہے اور وارث شاہ نے جو تفصیل دی ہے وہ کس حد تک صحیح ہے؟ ۲۔ کیا ہابیل اور قابیل کا حادثہ بھی اسی معاشقہ کا نتیجہ تھا؟ الجواب واللّٰہ اعلم بالصواب استفتاء نمبر ۱ مجالسِ ذکر: مولانا احمد علی لاہوری رحمۃ اللہ علیہ کی مسجد کے بعد جناب مولانا سید ابو بکر غزنوی کی مشہور درسگاہ تقویۃ الاسلام میں ذکر کی جو معروف محفلیں منعقد ہو رہی ہیں مجھے ان میں شرکت کرنے کا کبھی موقعہ نہیں ملا لیکن بہ تواتر یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ واقعی یہ سلسلہ وہاں جاری ہے۔ |