قوی ترین غذا اور محبت آفریں خانگی فضا سے زیادہ ان کی عربی زبان کی فصاحت و بلاغت قریش کی طرح ٹکسالی تھی۔ نونہال عبدالمطلب۔ ابن عبدالمطلب۔ نے اپنی حیات بخش اور سیرت وشخصیت ساز نشوونما کا زمانہ حلیمہ سعدیہ کے بادیہ محبت شفقت میں بحسن خوبی گزارا۔ وہیں چلنا پھرنا، دوڑنا سیکھا، بچوں وبچیوں کے ساتھ کھیل کود سیکھے، وہیں بولنا سیکھا، عربی زبان کے کلمات ذہن ودل میں اتارے اور زبان سے جومع الکلم نچھاور کیے۔ عام ومشہور روایت کے مطابق اولین پانچ برسوں کے ارتقاء جسمانی وباطنی کے تمام مراحل بیت وبادیہ سعدیہ حلیمہ میں بسر کیے اور شمائل وخصائل کی اولین صورت گری وہیں پائی۔ (29)۔ تکوینی نظام تربیت وپرداخت عجیب وناقابل فہم اور اپنے سرِمکنوں کی وجہ سے ناقابل بیان وتشریح سمجھے جانے والا واقعہ شق صدر معجزات کے جہانِ الٰہی میں گردانا جاتا ہے۔ اہل بصیرت اور صاحبان اسرار ورموز اور حقیقت شناسان فطرت ملکوتی وناسوتی نے خوب وضاحت کی ہے کہ معجزات دنیاوی ظاہری نظام میں خرق عادات ہیں۔ جہاں تکوین وملکوت میں ان آیات ومعجزات وخوارق کے اپنے احکام وقواعد وضوابط ہیں جن سے عالم الغیب والشہادۃ کلی طور پر واقف اور ان کا فاعل ہوتا ہے۔ عالم الغیب کے اسرار ورموز او رقواعد وضوابط سے مالک کل اور خالق ورب عظیم جن چیدہ وچنیدہ بندگان عالی اور پیغمبروں کو نواز دیتا ہے وہ ان کی حقیقت جان جاتے ہیں۔ امام فلسفہ تاریخ وعمرانیات کے نظریہ وقاعدہ حیات انسانی میں ظاہری واقعات کی تشکیل وتعمیر میں اندرونی دھاروں یا زیریں لہروں کا ایک نمونہ شق صدر بھی ہے۔ اس کا وقت ومقام کا انتخاب بھی اسی کا شاخسانہ ہے مگر واقعات و تعمیری دھاروں کے درمیان باہمی تفاعل وتعامل اسے خوب واضح کردیتا ہے۔ (30)۔ معجزہ شق صدر حضرت حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا بادیہ الفت اور پرورش گاہ محبت کے بالکل اواخر |