﴿ فَلاَ یَاْمَنُ مَکْرَاللّٰہِ اِلاَّ الْقَوْمُ الْخٰسِرُوْنَ،﴾(99:7) ’’اللہ کی چال سے وہی لوگ بے خوف ہوتے ہیں جو تباہ ہونے والے ہیں۔‘‘(سورہ اعراف، آیت نمبر99) پس اللہ تعالیٰ کی مغفرت اور بخشش کی امید اس شخص کو رکھنی چاہئے جو اللہ سے ڈر کر زندگی بسر کرتا ہے اور نادانستہ طور پر سرزد ہونے والے گناہوں سے اللہ تعالیٰ کی مغفرت مسلسل طلب کرتا ہے لیکن جو شخص مسلسل گناہ کئے چلا جارہاہے اور ساتھ ساتھ یہ سمجھ رہاہے کہ اللہ بڑا غفور اور رحیم ہے اسے یقین کر لینا چاہئے کہ وہ سراسر شیطان کے فریب میں مبتلا ہے جس کا انجام ہلاکت اور بربادی کے سوا کچھ نہیں۔ کچھ مدت کے لئے جہنم میں جانے والے لوگ: مذکورہ عنوان سے کتاب میں ایک باب شامل کیا گیا ہے جس میں ان مسلمانوں کے جہنم میں جانے کا ذکر ہے جو بعض کبیرہ گناہوں کی وجہ سے پہلے جہنم میں جائیں گے اور اپنے گناہوں کی سزا بھگتنے کے بعد جنت میں داخل ہوں گے۔ مذکورہ باب کے لئے ہم نے صرف انہی احادیث کا انتخاب کیا ہے جن میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے واضح طور پر دَخَلَ النَّار)وہ آدمی جہنم میں داخل ہوے)جیسے الفاظ استعمال فرمائے یا اس سے ملتے جلتے الفاظ استعمال فرمائے ہیں تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی یا ابہام پیدا نہ ہو لیکن اس سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا کہ ان کبائر کے علاوہ اور ایسے کبائر نہیں ہیں جو جہنم میں جانے کا باعث بن سکتے ہیں۔ ’’کتاب النار‘‘مرتب کرنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ لوگ جہنم کے عذاب اور عقاب سے آگاہ ہوں اور اس سے بچنے کی حتی المقدور کوشش کریں۔ اس کے لئے ضروری تھا کہ لوگوں کو ان تمام کبائرسے بھی آگاہ کیا جاتا جو جہنم میں جانے کا باعث بن سکتے ہیں اس کے لئے ہم کسی طویل بحث میں پڑے بغیرامام ذہبی رحمہ اللہ کی کتاب ’’کتاب الکبائر‘‘سے کبیرہ گناہوں کی فہرست درج کررہے ہیں۔ امید ہے اللہ کے عذابوں اور عقابوں سے ڈرنے والے نیک اور متقی لوگ ان شاء اللہ اس سے ضرور فائدہ اٹھائیں گے۔ 1۔ شرک کرنا 2۔ ناحق قتل کرنا 3۔ جادو کرنا اور کروانا 4۔ نماز ترک کرنا |