﴿یَآ اَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا قُوْا اَنْفُسَکُمْ وَاَہْلِیْکُمْ نَارًا وَّقُوْدُہَا النَّاسُ وَالْحِجَارَۃُ عَلَیْہَا مَلآئِکَۃٌ غِلَاظٌ شِدَادٌ لَّا یَعْــــــــصُوْنَ اللّٰه َمَا أَمَرَہُمْ وَیَفْعَلُوْنَ مَا یُؤمَرُوْن﴾ ’’ایمان والو! اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو اس آگ سے بچاؤ جس کا ایندھن انسان ہیں اور پتھر۔جس پر سخت اورمضبوط دل فرشتے مقرر ہیں ؛ جنہیں جو حکم اللہ تعالیٰ دیتا ہے، اس کی نافرمانی نہیں کرتے بلکہ جو حکم کیا جائے، بجا لاتے ہیں ۔‘‘ (التحریم:۶) مسلمان بھائیو!آپ پر لازم ہے کہ ان گناہوں کی تفصیل کو غور سے دیکھ لو جن کا ارتکاب کرنے والے کو اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں یہ وعید سنائی ہے کہ ﴿وَلاَ یُکَلِّمُہُمُ اللّٰهُ وَلاَ یَنْظُرُ اِلَیْہِمْ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ وَلَا یُزَکِّیْہِمْ وَلَہُمْ عَذَابٌ اَلِیْم﴾ ’’اللہ تعالیٰ قیامت والے دن نہ تو کلام کرے گا، نہ ان کی طرف نظر رحمت سے دیکھے گا، نہ ہی ان کو گناہوں سے پاک کرے گا اور ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔‘‘ (آلِ عمران:۷۷) قرآن وحدیث میں مذکور ایسے گناہ حسب ِذیل ہیں : 1. احکامِ الٰہی کو چھپانا اور تھوڑی قیمت پر بیچ دینا ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿اِنَّ الَّذِیْنَ یَکْتُمُوْنَ مَا اَنْزَلَ اللّٰهُ مِنَ الْکِتَابِ وَیَشْتَرُوْنَ بِہٖ ثَمَنًا قَلِیْلاً أَولٰئِکَ مَا یَأکُلُوْنَ فِی بُطُوْنِہِمْ اِلَّا النَّارَ وَلَا یُکَلِّمُہُمُ اللّٰهُ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ وَلاَ یُزَکِّیْہِمْ وَلَہُمْ عَذَابٌ اَلِیْم﴾ (البقرۃ:۱۷۴) ’’بیشک وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ کی اُتاری ہوئی کتاب کے احکام چھپاتے ہیں اور اسے تھوڑی سی قیمت پر بیچتے ہیں ،یقین مانو کہ یہ اپنے پیٹ میں آگ بھر رہے ہیں۔قیامت کے دن اللہ ان سے بات بھی نہیں کرے گا،نہ اُنہیں پاک کرے گا بلکہ ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔ ‘‘ ٭ جیسا کہ علماے یہود کا یہ طریقہ تھا کہ اُنہوں نے تورات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کردہ صفات کولوگوں سے چھپایا۔ امام قرطبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ’’اگرچہ یہ آیت علمائے یہود کے بارے میں نازل ہوئی ہے، لیکن اس میں وہ مسلمان بھی شامل ہیں جو دنیاوی مقاصد کے حصول کے لئے حق کو چھپاتے ہیں ۔ ایسا شخص جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کردہ احکامات اور ہدایت کو چھپاتا ہے، اس کو ملعون قرار دیا گیا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:﴿اِنَّ الَّذِیْنَ یَکْتُمُوْنَ مَا أنْزَلْنَا مِنَ الْبَیِّنٰتِ وَالْہُدٰی |