Maktaba Wahhabi

73 - 79
فہارس محمد شاہد حنیف ’اربعین‘ کے موضوع پر لکھے گئے کتابچے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک فرامین کی خدمت ایک عظیم المرتبت سعادت ہے۔ آپ کی ۴۰/ احادیث کو روایت کرنے والوں کے بارے میں زبانِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے مختلف بشارتیں صادر ہوئی ہے مثلاً ((من حفظ علی أمتي أربعین من أمر دینہا بعثہ اﷲ یوم القیامۃ في زمرۃ الفقہائ)) یا ((…بعثہ اﷲ فقیہًا وعالما)) یا ((…وکنتُ لہ یوم القیمۃ شافعًا وشہیدًا)) وغیرہ وغیرہ … لیکن کبار محدثین کے نزدیک اس نوعیت کی تمام روایتیں ضعف سے خالی نہیں ، البتہ ابن عساکر رحمہ اللہ اور ملا علی قاری رحمہ اللہ وغیرہ نے کثرتِ طرق کی بنا پر اس کے متن کو مقبول قرار دیا ہے۔ اس حدیث کے ضعف کے باوجود احادیث ِنبویہ صلی اللہ علیہ وسلم کو روایت، یاد کرنے اور آگے پہنچانے کے موضوع پر کئی دیگر مستند احادیث بھی موجود ہیں جن کی بنا پرکئی ممتاز علماے عظام نے اس میدان میں خصوصی کاوشیں کی ہیں ۔ البتہ ۴۰ کی تعداد پر مبنی حدیث کے ضعف کے باوجود علما میں مختلف مناسبتوں اور موضوعات پر ۰ ۴/احادیث کو روایت/ مرتب کرنے کی ایک پختہ روایت موجود ہے جس کا اظہار زیر نظرفہرست میں بھی موجود ہے۔ یوں تو علمی لحاظ سے یہ امر زیادہ مناسب تھا کہ مختلف موضوعات ومقاصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان مجموعہ ہائے اربعین کی فہرست کو پیش کیا جاتاتاکہ ایک ہی نوعیت کے کتابچوں تک رسائی آسان ہوجاتی،لیکن ہر کتابچے میں ایسی مرکزی قدرِ مشترک کا تعین کرنا بذاتِ خود ایک محنت طلب اور مشکل مسئلہ ہے، اس بنا پر سردست مصنّفین کے ناموں کی الف بائی ترتیب کے مطابق ہی اس فہرست کو پیش کرنے پر اکتفا کیا گیا ہے۔ ’اربعین‘ کی زیر نظر فہرست اپنی نوعیت کی پہلی کاوش ہے جس سے مطالعہ حدیث کا شوق رکھنے والوں کو بنیادی اور مختصر لیکن جامع کتب ِ حدیث کی طرف رہنمائی کا مقصد ِعظیم حاصل ہوگا۔اس فہرست میں ایسے کتابچے جو مختلف مطابع سے ایک سے زائد بار شائع ہوئے ہیں ، اُنہیں مستقل حیثیت سے ذکر کیا گیا ہے۔ الحمد للہ اربعین کے یہ تمام مجموعے ادارئہ محدث کی لائبریری میں افادئہ عام کے لئے موجود ہیں ۔ زیر نظر فہرست کے مرتب وجامع مجلس التحقیق الاسلامی کے شعبۂ رسائل وجرائد کے انچارج جناب شاہد حنیف، ماضی میں اشاریہ اور فہرست سازی میں غیر معمولی خدمات انجام دے کر متعدد اہل علم سے اپنی صلاحیتوں کا اعتراف کروا چکے ہیں ۔ ان کی کاوشوں پر مبنی اس نوعیت کی دیگر فہارس کی اشاعت کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا جس میں سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر لکھے جانے والے مضامین اورکتابچوں کی ایک جامع فہرست عنقریب قارئین ’محدث‘ کی خدمت میں پیش کی جائے گی۔ان شاء اللہ ح م
Flag Counter