عورت کا حضرت عمر رضی اللہ عنہ کومہر کے تعین کے بارے میں برسرمنبر ٹوکنے کا مشہور واقعہ ذکر کیا گیا ہے۔ اس واقعہ کو بعض اہل علم نے سند ومتن کے حوالے سے غیر صحیح قراردیا ہے۔ دیکھیں : قصص لا تثبت (ج1/ ص 28) تحفة العروس کے مصنف مہدی استنبولی نے بھی اپنی کتاب میں اسے غیرصحیح قرار دیا ہے۔ ٭ اسی شمارے کے صفحہ 30 پر Amklesکو میرے علم کے مطابق Ankles اورصفحہ 44 کی سطر 13 پر صبحی حسن خلاق کو خ کی بجائے ح کے ساتھ حلاق ہونا چاہئے۔ (اعجاز حسن، بہاولنگر) (3) محترم و مکرم حافظ حسن مدنی صاحب السلام عليكم ورحمة اللہ و بركاتہ اُمید ہے مزاجِ عالی بخیر ہو ں گے۔آپ کی علم دوستی کی بدولت ماہنامہ ’محدث‘ نظر نواز ہوکر فکر وخیال کو جلا بخش رہا ہے۔ اس کے تبادلے میں ہم سہ ماہی مجلہ ’الحقائق‘ گاہے گاہے ارسال کرتے رہتے ہیں ۔ آپ کے پرچہ کا تحقیقی معیار اور اُسلوبِ بیان نہایت عمدہ اور نفیس ہے۔ آپ کاادارہٴ تحریر بڑی محنت، سلیقے اور عرق ریزی سے دینی ادب میں اضافہ کرکے اپنی ایک الگ تاریخ مرتب کررہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہر باذو ق قاری جس کی شخصی اور مسلکی و جماعتی وابستگی کچھ بھی ہو اور اسے آپ کے مجلہ ’محدث‘ کے اربابِ علم و دانش سے کتنا اتفاق یا کیسا ہی اختلاف ہو، وہ اس تحقیقی او ر تخلیقی اور معیاری پرچہ کے مطالعہ سے ضرور لذت اندوز ہوتا ہوگا۔ اداریہ ’فکر ونظر‘ بڑا اُچھوتا اور برموقع و برمحل وبرجستہ اور تازہ مسائل کی بروقت علمی و فکری رہنمائی کا باعث ہوتا ہے۔ محدث کے دیگر مضامین بڑے جاندار ہوا کرتے ہیں ۔ جدید مسائل کی ٹھیٹھ دینی انداز میں تشخیص کا پہلو اپنے اندر بڑی رہنمائی رکھتا ہے۔ میں نے آپ کے پرچہ کی پرانی فائلوں کو ختم نبوت ملتان کی لائبریری میں ملاحظہ و مطالعہ کیا ہے۔ اگر کرم فرمائیں تو اپنے پرچہ کے خصوصی نمبر ہماری لائبریری کے لئے بھی ارسال فرمائیں تو عنایت ہوگی۔ یہ علمی تحائف حاضر خدمت ہیں ، ان پر آپ کے ادارہ کے کسی بھی صاحب ِبصیرت کا بے لاگ تبصرہ و تجزیہ ہمارے لئے رہنمائی کا باعث ہوگا۔ جس طرح ہم اختلاف کے باوجود علم و تحقیق کی قدروں کو پروان چڑھانے کے لئے رابطہ رکھتے ہیں اور آپ بھی اعزازی پرچہ اسی غرض کے لئے ہی عنایت فرماتے ہیں ۔ اُمید کی جاتی ہے کہ اس علمی رابطہ کو بحال ہی نہیں رکھیں گے بلکہ اسے دوبالا فرمائیں گے۔ مشترکہ اُمور پر ہم سب کا اتحاد و اشتراک ضرور ہے!! محترم عبدالرحمن مدنی حفظہ اللہ و دیگر سبھی اربابِ علم کو درجہ بدرجہ سلام کہئے۔ محترم شاہد حنیف کو خصوصی شمارے ارسال کرنے کی خصوصی تاکید فرمائیں ۔ دعاوٴں میں ہمیشہ یاد رکھیں ۔ والسلام محمدعمر حیات الحسنی (خادم سید طاہر علاوٴ الدین اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ) بوسن ، ملتان |