ودائم رکھے اور ہمیں زیادہ سے زیادہ دین کی خدمت کی توفیق مرحمت فرمائے۔ اپنی صحت کے لئے انہوں نے طلبہ اور اساتذہ سے دعا کی درخواست کی اور اور اس دعا پر انہوں نے اپنا خطاب ختم کیاکہ اللہ تعالیٰ ادارہ کو اپنے مقاصد میں کامیاب فرمائے اور فتنوں کے محفوظ رکھے، اس کی مشکلات کوحل کرے … اللهم لا سهل إلا ما جعلته سهلاً وأنت تجعل الحزن إذا شئت سهلاً ٭ اس کے بعد امسال جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا کو شیخ الحدیث حافظ ثناء اللہ مدنی حفظہ اللہ کی طرف سے صحیح بخاری کی سند الاجازۃ عطا کی گئی۔ اُنہیں قیمتی کتب ہدیہ کی گئیں اور جامعہ کی قدیم روایت کے مطابق رئیس الجامعہ نے ان کی دستار بندی کی۔ اس مبارک کام میں شیخین کی معاونت مولانا عبد السلام ملتانی، مولانا محمد رمضان سلفی( رئیس کلیہ الشریعہ)، قاری محمد ابراہیم میرمحمدی ( رئیس کلیۃ القرآن) اور حافظ حسن مدنی( مدیر مجلس التحقیق الاسلامی) نے کی۔ اس موقع پر شیخ الحدیث حافظ ثناء اللہ مدنی نے اپنے 30 سالہ درسِ بخاری میں شریک ہونے والے فاضل طلبہ کو ’سند اجازۃ‘دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ میرے تمام قدیم طلبہ مجھ سے رابطہ کرکے یہ اسناد حاصل کرسکتے ہیں ۔ بعد ازاں مغرب سے قبل ہونے والے تقریری مقابلہ میں شریک طلبہ کو قیمتی کتب کے ساتھ نقدی کے انعامات تقسیم کئے گئے۔پروگرام کی نظامت حسب ِسابق مرزا عمران حیدر (مدرّس جامعہ ہذا) کررہے تھے۔پروفیسر مزمل احسن شیخ نے اس موقعہ پر سند ِفضیلت حاصل کرنے والے 24 طلبہ کو آئندہ سال بھر کے لئے جیب خاص سے محدث جاری کرنے کا اعلان کیا ، یہی انعام تقریری مقابلہ ’استخفافِ حدیث ‘ میں شرکت کرنے والے 14 طلبہ کو بھی دیا گیا۔ مولانا محمد شفیق مدنی (مدیر ادارۃ المساجد والمشاریع الخیریہ، لاہور اور مدرّس جامعہ ہذا) کی دعا سے یہ مبارک مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ جامعہ کی مذکورہ بالا دونوں تقریبات کا انتظام وانصرام انہی شعبہ جات کے طلبہ نے اپنے اساتذہ کی نگرانی میں انجام دیا۔ پہلی تقریب یعنی ’تقریب تکمیل عشرہ قراء ات‘ کے منتظم کلیۃ القرآن کے مدیر قاری حافظ حمزہ مدنی تھے جبکہ دوسری ’تقریب تکمیل بخاری‘ کا انتظام مولانا شفیع طاہر (مدیر کلیۃ الشریعہ) نے مکمل کیا۔ ’تکمیل عشرہ قراء ات‘ امسال 18 طلبہ نے کی، جبکہ تکمیل صحیح بخاری کرنیوالے طلبہ کی تعداد 24 رہی۔مجموعی طور پر 42 طلبہ نے یہ امتیاز حاصل کیا۔ |