Maktaba Wahhabi

45 - 95
رپوتاژ محمد اسلم صدیق و ملک کامران طاہر جامعہ لاہور الاسلامیہ میں مہینہ تقریبات اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت کام کرنے والے اداروں ؛جامعہ لاہور الاسلامیہ ،مجلس التحقیق الاسلامی اور اسلامک انسٹیٹیوٹ کے علمی مذاکروں ، ورکشاپوں اور دیگر پروگراموں کی رپورٹیں وقتاً فوقتاً محدث کے صفحات میں جگہ پاتی رہتی ہیں ۔ جامعہ کے تعلیمی سال کے اختتام کے موقع پر گذشتہ دنوں جامعہ میں تقریبات کا سلسلہ زوروں پر رہا اور 5/ اہم تقریبات کا انعقاد عمل میں آیا۔ افادیت کے پیش نظر ان کی روداد ہم قارئین کی خدمت میں پیش کررہے ہیں ۔ جامعہ کے طلبہ کی فکری وروحانی تربیت کے لئے جہاں سال بھر علمی موضوعات پر طلبہ کے درمیان مذاکرے اور مباحثے منعقد ہوتے ہیں ، وہاں جامعہ کے مختلف شعبہ جات کی تقریبات بھی سال کے اختتام پر ہوتی ہیں ۔ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ جامعہ ہذا میں دو تعلیمی نصاب بیک وقت زیر تعلیم ہیں : عام دینی مدارس کے نصاب کی ترقی یافتہ شکل جو کلیۃ الشریعۃ میں پڑھائی جاتی ہے اور اس کے طلبہ کے لئے مڈل تا ایم اے کی کلاسیں بھی شام کے اوقات میں ہوتی ہے۔ ایسے ہی علومِ قرآن کی خصوصی تعلیم کے لئے جامعہ میں 15 سال سے ایک مستقل 8 سالہ نصاب کلیۃ القرآن الکریممیں پڑھایا جارہا ہے اور اس نصابِ تعلیم کی تدریس جامعہ کا ہند وپاک کے تمام مدارس سے ایسا امتیاز ہے، جس میں کوئی دوسرا شریک نہیں ، اس شعبہ میں داخلہ صرف حافظ ِقرآن طلبہ کو دیا جاتا ہے۔ ہر دو شعبہ جات کی اختتامی تقریبات بہی بالترتیب ’محفل ختم بخاری‘ اور ’محفل اختتام عشرہ قراء ات‘ کے نام سے ہر سال منعقد ہوتی ہیں ۔جن کی تفصیلات پیش خدمت ہیں : (1) تقريب تكميل عشرہ قراء ات 31/اگست 2004ء بروز منگل بعد نمازِ مغرب جامعہ لاہور الاسلامیہ کے شعبہ كلیۃ القران الكريم کے زیر اہتمام یہ محفل منعقد کی گئی۔ اس کا پروگرام تین نشستوں میں تقسیم کیا گیا تھا :
Flag Counter